پانامہ کیس پر عدالت نے قوم کو مایوس کیا تو جمہوریت خطرے میں پڑ جائیگی٬سراج الحق

حکومتی کرپشن سے آج ہر پاکستانی بچہ مقروض ہے ٬ہم قوم کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں٬اب قوم کی نظریں عدالت عظمی پرہیں٬ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے سنجیدگی کے ساتھ پہلی بار کرپشن اور کرپٹ سسٹم کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا یا ہے ٬اگر عدالت نے بھی قوم کو مایوس کیا تو اس ملک میں جمہوریت اور آئین خطرے سے دو چار ہو جائے گی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی کرپشن کی وجہ سے آج قوم کا ہر بچہ مقروض ہے ٬ہم قوم کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ظالم طبقہ پہلے باہر سے قرضے لاتا ہے پھر لوٹ مار کر کے باہر چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ہے اوراس حوالے سے کمیشن بنانے میں بھی ناکام ہو گئی ہے ٬حکومت نے اپوزیشن کی مثبت سوچ کو بھی رد کردیا ٬اب عدالت عظمی پر قوم کی نظریں ہیں ٬ہم چاہتے ہیں جن حکمرانوں کے نام پاناما لیکس اور لندن لیکس میں آئے ان کا آڈٹ ہونا چاہیے٬اگر عدالت نے بھی قوم کو مایوس کیا تو اس ملک میں جمہوریت اور آئین خطرے سے دو چار ہو جائے گا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ سڑکوں پر آنے کے بجائے عدالت سے انصاف ملنا چاہیے ٬ہمارا عدالتوں پر پورا اعتماد ہے اور خواہش ہے کہ عدالت قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔