مصر نے غزہ کی بین الاقوامی گذرگاہ چار روز کے لیے کھول دی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:50

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء) فلسطینی وزارت داخلہ کے زیرانتظام بارڈر اور گذرگاہ امور کے شعبے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے گزشتہ روز غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو اگلے چار روز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ حکام کا کہنا ہے کہ مصری بارڈر حکام کی طرف سے اطلاع دی گئی کہ بدھ ٬ جمعرات٬ جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں رفح گذرگاہ دو طرفہ آمدورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

محکمہ گذرگاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کے خواہش مند رجسٹرڈ افراد کے سفر کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کے پاس موجود فہرست کے مطابق غزہ کی پٹی کے شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مصری اخبار ’الیوم السابع‘ کے مطابق 15 اور 16 اکتوبر کو رفح گذرگاہ کھولنے کے بعد بند کر دی جائے گی جب کہ 19,20,21,22 اکتوبر کے ایام میں بھی رفح گذرگاہ دوبارہ کھولی جائے گی۔

گذشتہ ہفتے اور اتوار کو مصر نے رفح گذرگاہ کھولی تھی٬ جس کے نتیجے میں 1368 فلسطینی بیرون ملک اور 1296 فلسطین مصر سے غزہ داخل ہوئے تھے۔خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بیرون ملک سفر کے لیے 30 ہزار افراد نے اپنا اندراج کرایا ہے۔ ان میں بڑی تعداد میں طلبائ اور بیمار شہری ہیں جو بیرون ملک تعلیم یا علاج کے لیے جانا چاہتے ہیں مگر گذرگاہ کی بندش ان کی راہ میں رکاوٹ ہے۔۔

متعلقہ عنوان :