پابندیوں کے خاتمہ تک گلبدین حکمت یار کابل نہیں آئیں گے٬حزب اسلامی افغانستان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:22

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) حزب اسلامی افغانستان نے کہاہے کہ جب تک گروپ کے خلاف عائد پابندیوں کاخاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک گلبدین حکمت یار کابل نہیں آئیں گے۔افغان میڈیا کے مطابق پارٹی کے ایک سینئر رہنماء اورپکتیاء کے سابق گورنرجمعہ خان ہمدرد نے گردیز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ابھی افغان حکومت سے معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز ہوگیاہے اورباقی مراحل پر بھی عمل درآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

اس اجتماع سے گلبدین حکمت یار کے بیٹے حبیب رحمان حکمت یار نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ افغان حکومت کو معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہئیے اس کے ساتھ ساتھ دیگر گروپوں بالخصوص طالبان سے مذاکرات پر توجہ دینی چاہئیے۔ حبیب رحمان حکمت یار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان اورافغان حکومت کی آزادی اورخودمختاری گزشتہ 15برسوں میں حزب اسلامی کا ہدف تھا۔واضح رہے کہ حال ہی میں افغان اعلی امن کونسل اورحزب اسلامی کے درمیان ایک معاہدہ ہواہے۔حزب اسلامی ماضی میں افغان حکومت کے خلاف جدوجہد میں شامل تھی اور جماعت کے سربراہ کا نام امریکا کو مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :