صوبہ غزنی میں کارروائی کے دوران 150عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ ٬ ننگرہارمیں فضائی کارروائی کے دوران طالبان کے شیڈوگورنر سمیت 16عسکریت پسند ہلاک ٬ لوگر میں بارودی سرنگوں کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی تنظیم کے 20کارکن اغواء

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:22

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) افغان فورسز نے صوبہ غزنی میں کارروائی کے دوران 150عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے٬ ننگرہارمیں فضائی کارروائی کے دوران طالبان کے شیڈوگورنر سمیت 16عسکریت پسند ہلاک ہوگئے٬ لوگر میں شدت پسندوں نے بارودی سرنگوں کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی تنظیم کے 20کارکنوں کو اغواء کرلیا۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبائی پولیس چیف بریگیڈئیرجنرل امین الللہ امرخیل نے بتایا کہ کہ غزنی کے پانچ اضلاع میں گزشتہ دوہفتوں سے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہیں جس میں فوج اورپولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس عرصہ کے دوران 150عسکریت پسند ہلاک ہوگئے٬کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کیا گیا تاہم انہوں نے اس آپریشن میں سیکورٹی فورسزکو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے نہیں بتایا۔

(جاری ہے)

طالبان کی جانب سے ابھی تک اس بارے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔مشرقی صوبہ ننگرہارمیں ایک فضائی کارروائی کے دوران طالبان کے شیڈوگورنر سمیت 16عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔حکام کے مطابق فضائی حملے میں طالبان کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ننگرہارمیں حالیہ مہینوں کے دوران شدت پسندوں کے خلاف کئی آپریشن کئے گئے۔اس صوبے میں داعش کا ڈھانچہ بھی قائم ہے۔وسطی صوبہ لوگر میں شدت پسندوں نے بارودی سرنگوں کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی تنظیم کے 20کارکنوں کو اغواء کرلیا۔صوبائی پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ افراد سٹرلنگ گلوبل آپریشنز کے تحت کام کررہے تھے ٬ابھی تک کسی تنظیم یاگروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :