انتہاپسند ٹرمپ چاروں شانے چت٬ہلیری نے تیسرامباحثہ بھی جیت لیا

آخری مباحثے میں اسقاط حمل٬ گن رائٹس اور روسی صدر ولادی میر پوتن پر گرما گرم بحث٬ہلیری کو شروع سے ہی برتری رہی خواتین کو اپنی صحت سے متعلق فیصلے کا حق ہونا چاہیے٬ شام میں خانہ جنگی کے مسئلے کا سیاسی حال چاہتے ہیں٬ داعش کو شکست دیں گے٬ ٹرمپ وائٹ ہاوس کے لئے خطرناک٬انہیں ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول نہیں دیا جاسکتا٬ہلیری الزام لگانے والی خواتین سے آج تک نہیں ملا٬مجھ سے زیادہ ان کی کوئی عزت نہیں کرتا داعش ہیلری کا دیا ہوا تحفہ ہے ٬ ای میلز اسکینڈل سمیت کئی معاملات میں مجرم ٬امریکہ میں قدامت پسند مسلمانوں کی آمد روکنا ہوگی ٬ٹرمپ کی گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن اور رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آخری مباحثے میں اسقاط حمل٬ گن رائٹس اور روسی صدر ولادی میر پوتن پر گرما گرم بحث ہوئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں صدارتی انتخابات کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا٬ ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن امیدواروں نے آخری مباحث میں بھی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے تابڑ توڑ حملے کئے تاہم یہ مباحثہ بھی ہیلری کلنٹن نے جیت لیا۔

لاس ویگاس میں ہونے والے مباحثے میں اسقاط حمل٬ گن رائٹس اور روسی صدر ولادی میر پوتن پر گرما گرم بحث ہوئی۔ آخری مباحثے کے آغاز میں ہیلری کلنٹن نے ہم جنس پرستوں کے حقوق برقرار رکھنے کا کہا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گن رائٹس کو محفوظ رکھنے کی بات کی۔

(جاری ہے)

ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکی آئین میں تبدیلی ممکن ہے اور وہ آئینی ترمیم کی حامی ہیں۔

خواتین کو اپنی صحت سے متعلق فیصلے کا حق ہونا چاہیے٬ شام میں خانہ جنگی کے مسئلے کا سیاسی حال چاہتے ہیں٬ شام اور عراق میں داعش کو شکست دیں گے۔ ہیلری نے ٹرمپ کو وائٹ ہاوس کے لئے خطرناک امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول نہیں دیا جاسکتا٬ ٹرمپ پہلے امیدوار ہیں جنہوںنے گوشوارے ظاہر نہیں کئے٬ کبھی الزامات پر معافی بھی نہیں مانگی۔

ڈیموکریٹ امیدوار کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کرنا چاہتی ہیں کیونکہ جب مڈل کلا س ترقی کرتی ہے تو امریکہ ترقی کرتا ہے٬دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خود پر الزام لگانے والی خواتین سے کبھی ملے نہ ہی انہیں جانتے ہیں٬ ری پبلکن امیدوار نے کہا کہ ان سے زیادہ کوئی بھی خواتین کی عزت نہیں کرتا۔ ٹرمپ نے داعش کو ہیلری کا دیا ہوا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں قدامت پسند مسلمانوں کی آمد روکنا ہوگی ۔

ای میلز اسکینڈل سمیت کئی معاملات میں ہیلری مجرم ہیں٬انہیں انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ آیا وہ انتخاب کے نتائج کو قبول کریں گے یا نہیں٬ کیونکہ وہ کئی دنوں سے کہہ رہے ہیں کہ انتخاب میں 'دھاندلی' ہو رہی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ہیلری کلنٹن نے یہ مباحثہ بھی جیت لیا٬ انہیں باون فیصد ووٹ ملے جبکہ ٹرمپ صرف انتالیس فیصد لوگوں کو قائل کر پائے۔

بعض اہم ریاستوں میں رائے عامہ کے پولز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت اس انتخاب میں اہم ریاستوں میں ہلری کلنٹن سے کافی پیچھے ہیں۔خیال رہے کہ زیادہ تر امریکی ووٹ ڈالنے کے اپنے حق کا استعمال آٹھ نومبر کو کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف متعدد خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات اور اس سے متعلق ایک ویڈیو جس میں وہ اپنے ایسے اقدامات کو فخر سے بیان کر رہے ہیں کے سامنے آنے کے بعد سے انھیں مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب ہلیری کلنٹن کے بطور وزیرِ خارجہ ایک پرائیویٹ ای میل سرور استعمال کرنے کے بعد شدید تنقید کی گئی۔تیسرے مباحثے کی میزبانی فاکس نیوز کے صحافی کرس والس کر رہے تھے۔