ای سی او کے رکن ملکوں کے درمیان تعاون کا اسٹریٹیجک پروگرام تیار

جمعرات 20 اکتوبر 2016 11:52

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ملکوں کے درمیان تعاون کا اسٹریٹیجک پروگرام تیار کرلیا گیا ہے۔یہ بات ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا نے تہران میں ای سی او کے کسٹم سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ای سی او کے رکن ملکوں کی مجموعی اقتصادی ترقی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کے ملکوں کو جس طرح کی منظم دہشت گردی کا سامنا ہے اس نے ای سی او کے رکن ملکوں پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا نے ای سی او کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست تجارت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست تجارت کے فروغ سے رکن ملکوں کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

علی طیب نیا کا کہنا تھا کہ پیداوار کے جدید طریقوں کی ترویج٬ رقابت اور کارکردگی میں اضافے٬ زرمبادلہ کے لین دین میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور مہارتوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی او کے رکن ملکوں کو قومی آمدنی میں اضافے کے لیے مذکورہ اہداف کو پورا کرنا ہوگا اور باہمی تعاون کے لیے ایسا کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک جغفرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں جس کی وجہ سے ان کے درمیان تجارت کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے لیکن اس کے لیے ہمیں نقل و حمل کے ذرائع اور مواصلاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔

انہوں نے ای سی او کے رکن ملکوں کے درمیان کسٹم کے طریقوں کو آسان بنانے٬ تجارتی اسناد میں ہم آہنگی پیدا کرنے٬ علاقائی اورعالمی تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے٬ سرحدی مشکلات کو کم کرنے اور داخلی قوانین کو شفاف اور ای سی او کے اسٹریٹیجک پروگرام کے مطابق بنانے پر بھی زور دیا۔ایران٬ ترکی٬ پاکستان٬ افغانستان٬ آذربائیجان٬ ترکمانستان٬ کرغستان٬ ازبکستان اور تاجکستان اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کے رکن ہیں۔