لاہور ٬غیرقانونی انڈین چینلز اور ڈی ٹی ایچ کے خلاف قا نونی کارروائی چوتھے روز میں داخل

پیمرا ریجنل آفس لاہور فیصل آباد اور سرگودھا کی مسلسل اور انتھک قانونی کارروائی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 11:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء) غیرقانونی انڈین چینلز اور ڈی ٹی ایچ کے خلاف پیمرا ریجنل آفس لاہور فیصل آباد اور سرگودھا کی مسلسل اور انتھک قانونی کارروائی جس کا آغاز 15 اکتوبر رات 12 بجے سے ہوا تھا آج چوتھے روز میں داخل ہو چکی ہے اس دوران پیمرا کے پرعزم افسران اور عملہ کو جہاں چند ملک دشمن عناصر کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا وہیں عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی بھی مل رہی ہے جس کا اظہار سماجی رابطوں کی ویب سائٹس٬ ٹویٹر٬ فیس بک وغیرہ پر بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ کارروائی کے چوتھے روز کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو کارروائی کے چوتھے روز 82 چھاپے مارے گئے جس میں قانون شکنی کے مرتکب 23 کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 72 ٹیکنیکل آلات نشریات بشمول ڈی کوڈوز کمپیوٹرز اور سی ڈی وغیرہ قبضے میں لئے گئے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیمرا آفس فیصل آباد کی فیلڈ ٹیم کو دوران کارروائی سمندری ضلع فیصل آباد کی حدود میں ایک کیبل آپریٹر جو کہ غیرقانونی طور پر اپنا نیٹ ورک ایک بیکری کی فیکٹری کے احاطہ سے چلا رہا تھا۔

سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا مذکورہ کیبل آپریٹر کے ملازمین اور گارڈز کی جانب سے پیمرا انفورسمنٹ ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے ٹیم کے ارکان محفوظ رہے۔ پیمرا کی رپورٹ پر پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ سمندری میں درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور علاقہ مجسٹریٹ نے دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :