سفارشی کلچر پروان چڑھایا گیا تو حکومت کیخلاف کھڑے ہونگے‘طاہر مجید

بدھ 19 اکتوبر 2016 18:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء)اگر سفارشی کلچر کو پروان چڑھایاگیا تو سب سے پہلے حکومت کیخلاف ہم کھڑے ہونگے۔ گڈ گورننس کو بحال کرنے کی کوششوں اور اقدامات میں محکمہ جنگلا ت کے ہزاروں ملازمین وزیر اعظم کی پشت پر ہیں ۔ پولیس کے تربیت یافتہ ملازمین کو فارغ کرنا ناانصافی ہے ۔ ہڑتالی پولیس ملازمین کو جن لوگوں نے بھرتی کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

محکمہ جنگلات کے ملازمین سرسبز جنگلا ت کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ تبدیل ہونے والے رینج آفیسرز نے اپنی تعیناتی کے دوران اچھی روایات کو پروان چڑھایا۔پاک فوج کی موجودگی میں دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ محکمہ جنگلات کے ملازمین پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارفاریسٹر فاریسٹ گارڈز ایسوسی ایشن آزادکشمیرکے مرکزی صدر طاہر مجیدنے رینج آفیسرز ہارون الرشید اعوان اور امتیاز کاظمی کے اعزازمیں پٹہکہ کے مقام پر الوداعی پارٹی کے موقع پر منعقدہ پر وقار تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے کرنل امتیاز حسین اعوان ‘مہتمم جنگلات ملک اسد‘نگران اعلیٰ فاریسٹر فاریسٹ گارڈ زایسوسی ایشن آزادکشمیرہارون الرشید اعوان‘ ڈویژنل صدرفاریسٹر فاریسٹ گارڈز ایسوسی ایشن آزادکشمیرسلیم اعوان ‘ اے سی پٹہکہ فدا حسین کاظمی ‘امتیاز کاظمی ‘ رینجر حلقہ کوٹلہ عبدلحمید اعوان‘ رینجر حلقہ لچھراٹ چوہدری یوسف ‘ سابق ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی سلیم اعوان ‘سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر حاجی غلام مصطفی ‘پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر ارشاد اعوان ‘ جنرل سیکرٹری افتخار بٹ ‘ مسلم کانفرنس حلقہ کوٹلہ کے جنرل سیکرٹری راشد عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

پارٹی کا اہتمام چوہدری نسیم ‘ سردار رفاقت اعوان ‘میر وقار ‘ بابو قیوم اور میر نشاط نے کیاتھا۔ تقریب میں محکمہ جنگلات کے ملازمین ‘ تاجروں ‘ سیاسی سماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ریاست کی تعمیر وترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا چاہیے ۔ حکومت کے اچھے اقدامات میں ہم حکومت کیساتھ ہیں۔ جنگلات کو بچانے کیلئے عوام بھی محکمہ کیساتھ تعاون کرے ۔

جب محکمہ کے آفیسران اور ملازمین اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں تو کشمیر کا حسن جنگلات کی پرورش بہترین طریقے سے ہوسکتی ہے۔ رینج آفیسرز ہارون رشید اور امتیاز کاظمی کی خدمات ملازمین کیلئے مشعل راہ ہیں۔ کرنل امتیاز حسین اعوان نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کو عسکری تربیت دی جائے تاکہ بوقت ضرورت وہ بھی دشمن سے لڑ سکیں ۔ تقریب کے آخر میں نئے آنے والے رینج آفیسرز کو خوش آمدید کہا گیا۔