بھارتی فوج کے ظلم و ستم کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق کیلئے جدوجہد کرنے سے نہیں رو ک سکتے٬مولانافضل الرحمان

وادی میں بنیادی سہولیات زندگی کی عدم فراہمی ٬مسلسل کرفیو ٬معصوم کشمیریوں کی پیلٹ گنز سے بینائی چھیننے جیسے اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں٬چیئرمین کشمیرکمیٹی

بدھ 19 اکتوبر 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) چیئرمین کشمیر کمیٹی و سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے ظلم و ستم کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق کے لیئے جدوجہد کرنے سے نہیں رو ک سکتے ۔گزشتہ سو دنوں سے زائد عرصے کے دوران بھارت نے طاقت کا اندھا دھند استعمال کر کہ بھی دیکھ لیا ہے کہ کشمیری کسی صورت اس کے قبضے کو جائز ماننے کو تیار نہیں اور اپنی جدوجہد استقامت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وادی کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پاکستان کی سیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہوں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کے اندر سیاسی عدم استحکام اگر پیدا ہوا تو اس سے کشمیری کہیں بد دل نہ ہو جائیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ کچھ عرصے سے جس انداز میں نئی نسل نے تحریک کی باگ دوڑ سنبھالی ہے اس سے پاکستانی سیاسی قیادت پر بھی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ زخموں سے چور پر عزم کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز ایک پرامن ٬جمہوری اور اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان ہے ۔میاں نواز شریف نے کشمیری عوام کی محرومیوں اور مظلومیت کا مقدمہ اقوام متحدہ سمیت پاکستان کی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتہائی جاندار انداز میں بیان کیا ہے جس پر آر پار کے کشمیری مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ سو دنوں کے دوران جس بے رحمی سے عورتوں ٬بچوں ٬بوڑھوں اور جوانوں کے ساتھ جو ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا گیااس پر انسانیت بھی شرمسار ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم بحثیت قوم کشمیریوں کی سیاسی٬ اخلاقی اورسفارتی محاذ پر حمایت کرتے رہیں گے۔ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے انسانی بنیادوں پر حل کے لیئے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں بنیادی سہولیات زندگی کی عدم فراہمی ٬مسلسل کرفیو ٬معصوم کشمیریوں کی پیلٹ گنز سے بینائی چھیننے جیسے اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے اس موقع پر مزید کہا کہ کشمیریوں کا حق ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خود کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :