قابض انتظامیہ امن وقانون کی آڑ میں کشمیری عوام سے انتقام لے رہی ہے٬ حریت رہنما

بدھ 19 اکتوبر 2016 17:59

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں اسلامک پو لیٹکل پارٹی ٬ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فورسز کی طرف سے چھاپوں٬ محاصروں٬ توڑ پھوڑ ٬ گرفتاریوں اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے بے دریغ استعمال کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت امن وقانون کی آڑ میں کشمیری عوام سے انتقام لے رہی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اسلامک پو لیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کل تک خیالات کے جنگ کی باتیں کرنے والے کٹھ پتلی حکمرانوںنے اب باضابطہ طورپر جموںو کشمیر کے نہتے اور پُرامن عوام سے جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے رواں جدوجہد کے دوران تمام طبقوں کی طرف سے جذبہ ایثار کے اظہارکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہرحال میں استقامت کا مظاہرہ کرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حریت قیادت کی جانب سے دیے گئے احتجاجی پروگرام پر من و عن عملدرآمدکرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) کے چیئرمین فاروق احمد ڈارنے معصوم عوام ٬ حریت رہنمائوں اورسیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں اور املاک و اسباب خانہ کو تہس نہس کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس اور فورسز کا رویہ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمر اور جنس کا لحاظ کئے بغیر گرفتاریاںکی جارہی ہیں۔ انہوںنے کرالہ گنڈ ہندوارہ میں 70سالہ بزرگ غلام محمد لون اور ان کے 11اہلخانہ کی گرفتاری کو قابض حکام کی بوکھلاہٹ قراردیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس نے سرینگرشہر کے اندرونی علاقوں میں گرفتاریوں اور اسباب خانہ کو تہس نہس کرنے کی کاروائیوں میں شدت لاکر عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قابض حکام کے رویے سے لگتا ہے کہ وہ ہر کشمیری نوجوان کو جیل بھیجنے کے لئے بے تاب ہیں۔دریں اثناء ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںفریڈم پارٹی ٬ تحریک حریت٬ جماعت اسلامی اور امت اسلامی کے کارکنوں اور دیگر حریت پسند رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیالات کے جنگ کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے معصوم عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور ریاست کو نازی کیمپ میں تبدیل کردیا ہے۔