پبلسٹی نہیں کام ٬ بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز نے خیرمقدمی بینرز اور تعریفی اشتہارات شائع نہ کرنے کی ’’استدعا‘‘ کردی

بدھ 19 اکتوبر 2016 16:12

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) پبلسٹی نہیں کام ٬ بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز نے خیرمقدمی بینرز اور تعریفی اشتہارات شائع نہ کرنے کی ’’استدعا‘‘ کردی۔ ضلع کونسل کوٹلی اور میونسپل کارپوریشن کوٹلی نے’’ایوان صحافت‘‘کوٹلی کو باقاعدہ سرکلر جاری کردیا۔ بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کی محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ٬ ان سے بھی التماس ہے کہ ہماری ’’حیثیت‘‘کا خیال رکھا جائے۔

تفصیلات کچھ یوں ہے کہ ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل کوٹلی سردارعبدالرؤف اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی سردارعقیل محمود کی جانب سے ایوان صحافت کوٹلی کو جاری کیے گئے سرکلر میں تحریر کیا گیا ہے کہ ہمیں بروئے نوٹیفیکیشن نمبر س ل گ/شعبہ/دوئم2013/P-V(46)4/کے تحت ضلع کونسل کوٹلی/میونسپل کارپوریشن کوٹلی میں بحیثیت ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چونکہ ہم سرکاری ملازمین ہیں نہ کہ سیاسی کارکن ہیںاورجملہ سرکاری ملازمین تحت قواعد اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے کے پابند ہیں۔اس لیے کوئی اشتہار یا مبارک باد کی خبر جو راقم سے منسوب ہو جاری یا شائع نہ کی جائے۔ایوان صحافت کو ٹلی کوسرکلر جاری ہونے کے بعد جب میڈیا نمائندگان نے ایڈمنسٹریٹر صاحبان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا ہمیں حکومت کی طرف سے کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ٬اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ پبلسٹی کی بجائے ہماری تمام تر توجہ کام پر ہی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جانب سے خیرمقدمی بینرز اور تعریفی اشتہارات ہمارے ساتھ محبت کا ثبوت ہیں مگر ہم اپنے لوگوں سے التماس کرتے ہیں کہ ہماری ’’حیثیت ‘‘کا خیال رکھتے ہوئے آئندہ ایسے فعل سے اجتناب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور عوام ہمیں مسائل کی نشاندہی کریں ہم اپنے حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی سردار عقیل محمود نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ انھوں نے شہر میں بجلی کے پولز پر آویزاں ہر طرح کے بینرز کو اُتارنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :