مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے راجہ فاروق حیدر وزیراعظم آزادکشمیر کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی خدمت ٬ میرٹ کے قیام٬ تعمیر و ترقی کے لیے مثالی اقدامات شروع کر دیئے ہیں

اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین سیّد علی اظہر شاہ کاظمی کی پارٹی کارکنان و میڈیا سے بات چیت

بدھ 19 اکتوبر 2016 16:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی چیئرمین ممتاز قانون دان سیّد علی اظہر شاہ کاظمی نے پارٹی کارکنان و صحافی حضرات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے راجہ فاروق حیدر وزیراعظم آزادکشمیر کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی خدمت ٬ میرٹ کے قیام٬ تعمیر و ترقی کے لیے مثالی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

عوام جلد حکومت کی اصلاحات و ثمرات سے مستفید ہوں گے ہم امید کرتے ہیں کہ راجہ فاروق حیدر اور ان کی تمام ٹیم ماضی کی حکومتوں کی طرح کرپشن٬ برادری ازم کی سیاست کی بجائے میرٹ پر بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے٬ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے بنیادی جمہوریت کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے عرصہ سے رکے سلسلے کو از سرِ نو دوبارہ شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر کا اہم سیاسی و حکومتی معاملات میں سالار جمہوریت سے راہنما ئی لینا احسن اقدام ہے۔ سالارِ جمہوریت سردارسکندر حیا ت خان گڈ گورننس ٬ تعمیر و ترقی کے تجربے میں کوئی ثانی نہیں رکھتے ان کی صلاحیتوں ٬ سیاسی ٬ حکومتی تجربے کے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شر یف بھی معترف ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف وزیراعظم پاکستان کی طرف سے دیا جانے والا جدید ہسپتال کوٹلی شہر کی کسی مرکزی جگہ پر ہی بنایا جائے گا۔

سالارِ جمہوریت جیسی شخصیت کی موجودگی میں ایئر ایمبولینس اور جدید 400 بیڈز کا ہسپتال کوٹلی سے دور دراز کے مقام پر منتقل نہیں ہو سکتا یہ متاثرین LOC اور کوٹلی کے عوام کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا تحفہ ہے اور کوٹلی کے عوام کا حق ہے۔ اہلیان کوٹلی کو ان کے حق و جدید علاج کی سہولت سے محروم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔ ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم حکومت کے ہر اچھے کام کی حوصلہ افزائی اور حمایت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :