مقبوضہ کشمیر٬فہمیدہ صوفی کورہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتارکرلیاگیا ٬ نامعلوم مقام پر منتقل

دختران ملت کی فہمیدہ صوفی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے حریت رہنمائوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ٬ناہیدہ نسرین

بدھ 19 اکتوبر 2016 14:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی پولیس نے دختران ملت کی غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء فہمیدہ صوفی کو عدالتی احکامات پر رہائی کے فورا ًبعد دوبارہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فہمیدہ صوفی کو ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔اس موقعے پرانکے وکلاء نے عدالت کے سامنے ضمانتی درخواست پیش کی جسے منظور کرتے ہوئے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ نے فہمیدہ صوفی کی رہائی کے احکامات صادر کئے۔

فہمیدہ صوفی کے وکلاء نے صحافیوں کو بتایاکہ اگرچہ عدالت نے ان کے موکل کی رہائی کے احکامات جاری کئے تھے تاہم پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے ۔وکلاء نے بتایاکہ فہمیدہ کے اہلخانہ کوانکے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے کیونکہ پولیس نے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھردختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میں فہمیدہ صوفی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے حریت رہنمائوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوںنے پلوامہ میںکشمیریوں کے خلاف طاقت کے بے دریغ استعمال پر شدیدردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جیسے ہی لوگ آزادی کے حق میںریلی میں شرکت کیلئے جمع ہونا شروع ہوئے تو بھارتی فورسز نے آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کا بے دریغ استعمال کیا ۔ انہوںنے بارہمولہ میں پولیس کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان چھاپوں کا مقصد لوگوں کو ہراساں کرناہے۔