بنگلو رکی عدالت کی طرف سے کشمیری سافٹ ویئر انجینئر کی عمر قید کی شدید مذمت

بلال احمد کوٹا کو کشمیری ہونے کی سزا دی گئی٬ جماعت اسلامی انسانی حقوق کے علمبردار کشمیر میں ہونیوالی ناانصافیوں کا نوٹس لیکر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے رائے عامہ ہموار کریں٬ بیان

بدھ 19 اکتوبر 2016 14:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںجماعت اسلامی نے بنگلور کی عدالت کی طرف سے کشمیری سافٹ ویئر انجینئر بلال احمد کوٹاکی عمر قید کی سزا کو غیر جمہوری٬بلاجوازاور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی فرقہ پرست اور مسلم دشمن حکومت کے برسر اقتداد آتے ہی کشمیریوں کے ساتھ ملک بھر میں غیر انسانی رویہ میں شدت آگئی ہے اور کشمیری طلباء اور تاجروں کوانتقامی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ بلال احمد کو دسمبر 2005میں گرفتار کیا گیا تھا مگر بھارت کے ناقص قانونی سسٹم اور کشمیریوں کے تئیں غیر انسانی رویہ نے آج تک موصوف کے انسانی حقوق پر شب و خون مارا اور اس طرح موصوف کے اہل و عیال کو بھی ذہنی و جسمانی کوفت میں مبتلا کردیا ۔ بیان میںجماعت اسلامی نے وادی کے متعدد علاقوں میں بھارتی فورسز کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام گرفتار شدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔جماعت نے انسانی حقوق کے علمبرداروں پر زور دیا ہے کہ کشمیر میں ہورہی ناانصافیوں کا فوری نوٹس لے کر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے رائے عامہ ہموار کریں۔