سرکاری ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنا (ن) لیگی حکومت کاغریب خاندانوں کے ساتھ رویہ یذیدیت کی مثال ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ثاقب خان کا بیان

بدھ 19 اکتوبر 2016 14:23

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ثاقب خان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنا ن لیگ کی حکومت کی ملازمین اور غریب خاندانوں کے ساتھ رویہ یذیدیت کی مثال ہے ۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت کا موجودہ ادوار ریاستی تاریخ میں سیاہ الفاظ میں لکھا جائیگا۔پاکستان کی طرز پر آزاد کشمیر میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے مفاہمتی سیاست کے خاتمے کا اعلان کر کے پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کے دل جیت لئے ہیں۔جماعتی کارکن پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین کی پشت پر کھڑے ہیں اور ریاستی عوام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے بیان میں کیاثاقب خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھرتی کیے جانے والے غریب گھرانوں سے تعلق والے سرکاری ملازمین کو فارغ کرنا ن لیگ کی حکومت بدترین انتقامی کاروائی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت نے ن لیگ کی ظلم وبربریت کے خلاف نعرہ حق بلند کر کے ریاستی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔مفاہمتی سیاست کو ختم کر کے پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین نے اچھا اقدام اٹھایا ہے جس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ریاستی عوام کے حقوق کے لئے سینہ سپر ہو کر جدوجہد کریگا اور انشاء الله کامیابی ہمارے قدم چومے گی کیونکہ ہماری سیاست خدمت برائے عوام ہے اور اسی نظریے کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔