میرا اگلا کردار پاکستانیوں نے اس سے پہلے نہیں دیکھا٬ اداکارہ ارمینہ

فلم ’‘دی اکلیز پروٹوکول‘‘ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ریلیز ہوگی جس کے بعد اسے کئی اور ممالک میں ریلیز کیا جائے گا

بدھ 19 اکتوبر 2016 13:58

میرا اگلا کردار پاکستانیوں نے اس سے پہلے نہیں دیکھا٬ اداکارہ ارمینہ
اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) پاکستانی فلم ’’جانان‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ارمینہ رعنا خان اب ایک بین الاقوامی پراجیکٹ پر کام کرنے جارہی ہیں۔کینیڈا سے تعلق رکھنے والی پاکستانی اداکارہ ارمینہ نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اپنی فلم ’‘دی اکلیز پروٹوکول‘‘ کے حوالے سے بات کی۔ارمینہ کا کہنا تھاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میں اس قسم کے کردار میں نظر آؤں گی٬ یہ خواتین کے اٴْن تمام رونے دھونے والے کرداروں سے کافی الگ ہے جسے دیکھنے کے پاکستانی ناظرین عادی ہیں٬ میں اس فلم میں مرکزی کردار کرتی نظر آؤں گی۔

ارمینہ کا مزید کہنا تھاکہ یہ ایک سائنس فکشن فلم ہے٬ یورپی سینما میں تکنیکی سوچ پاکستان کے مقابلے میں کافی منفرد ہے٬ مجھے اپنے 'جانان' اور 'یلغار' کے کرداروں سے بالکل باہر آنا پڑا٬ اس لیے میں بہت محنت کررہی ہوں۔

(جاری ہے)

اس شارٹ فلم میں ارمینہ خان کے ساتھ کرسٹوفر فیتھ٬ مارک حل اور فریس ریلی بھی کام کرتے نظر آئیں گے٬ فلم کی کہانی عاطف ظفر نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات بھی انھوں نے ہی دی ہیں۔

ارمینہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس فلم سے کافی امیدیں ہیں کیوں کہ اس میں شامل لوگ کافی با صلاحیت ہیں۔فلم کی ریلیز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ فلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ریلیز ہوگی٬ جس کے بعد اسے کئی اور ممالک میں ریلیز کیا جائے گا اور ظاہر ہے اس موقع پر میں پاکستان کا پرچم ضرور بلند کروں گی۔ارمینہ کے آنے والے پراجیکٹس میں پاکستانی فلم ’’یلغار‘‘ شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :