مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 103ویں روز بھی ہڑتال اور پابندیاں

سوپور میں آتشزدگی کے واقعے میں لالباب صاحب کی زیارت اور مسجد نذر آتش

بدھ 19 اکتوبر 2016 13:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بدھ کو مسلسل103ویں روز بھی ہڑتال اور پابندیاں جاری رہیں جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے جبکہ قابض انتظامیہ نے وادی کشمیر میںضلعی صدر مقامات کی طرف لوگوں کے مارچ کو روکنے کے لیے سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کپواڑہ٬ بارہ مولہ٬ بانڈی پورہ ٬ بڈگام٬ گاندربل٬ سرینگر٬ پلوامہ٬ شوپیان٬ کولگام اور اسلام آباد اضلاع میں بھارتی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔

مارچ کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ وادی کشمیرمیں آج بازاراور کارباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ تعلیمی اداروں کے 103روز تک مسلسل بند رہنے کی وجہ سکولوں ٬ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آزادی کے حق میں مارچ کو روکنے کے لیے بھارتی فورسز نے ضلعی صدرمقامات کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے اور تمام خارجی و داخلی راستے بند کردیے ہیں۔

دریں اثناء سوپور کے علاقے آرمپورہ میں گزشتہ رات آتشزدگی کے ایک واقعے میں لالباب صاحب کی زیارت اور اس سے ملحق مسجد شریف نذر آتش ہوگئی ہے۔واقعے کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں لوگوں نے زیارت کا رخ کیا اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

متعلقہ عنوان :