ہٹلرکوفلم ‘‘کنگ کانگ’’ کیوں پسندتھی … آپ بھی جانیئے

بدھ 19 اکتوبر 2016 13:16

ہٹلرکوفلم ‘‘کنگ کانگ’’ کیوں پسندتھی … آپ بھی جانیئے
فرینکفرٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فینکفرٹ بک فیئر میں ایک کتاب نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہے جس میں نازی جرمنی کے سربراہ ایڈولف ہٹلر کی ہالی ووڈ فلموں میں دلچسپی کو موضوع بنایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس کتاب کا عنوان ہے کہ ’ہٹلر کو’کنگ کانگ‘ کیوں پسند تھی اور جرمنی میں مکی ماؤس فلمیں ممنوع کیوں تھیں اس کتاب کے مصنف فولکر کوپ ہیں۔

(جاری ہے)

اس دلچسپ کتاب میں لکھا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے آغاز کے پہلے دن تک نازی جرمنی کا سربراہ ایڈولف ہٹلر ہالی ووڈ فلموں کا دلدادہ تھا۔ اسے ہالی ووڈ کی بہت سی فلمیں بے حد پسند تھیں٬ تاہم کہا جاتا ہے ان میں سب سے پسندیدہ فلم کنگ کانگ تھی جسے 1933ء میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس فلم کی کہانی ایک دیوہیکل بن مانس کے گرد گھومتی ہے جسے ایک حسینہ سے محبت ہو جاتی ہے۔ خاتون کی محبت اس بن مانس کو دیوانہ بنا دیتی ہے۔ کتاب کے مطابق ایڈولف ہٹلر نے ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کیلئے ایک نجی سینما گھر بنایا تھا۔ تاہم یہ فلمیں دیکھنا عام جرمنوں کے لیے ممنوع تھا۔ یہاں تک کہ نازی دور میں عام جرمن شائقین کیلئے مکی ماؤس کے کارٹونز دیکھنا بھی منع تھا۔