سردار عتیق نے سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان کر کے کمال دانشمندی کا ثبوت دیا ‘پوری دنیا میں ایک سخت گیر میسج جائیگا‘کشمیری بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف اب مزید طاقت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں

مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی وائس چیئرمین سید یاسر نقوی کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 18 اکتوبر 2016 15:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی وائس چیئرمین سید یاسر نقوی نے کہا ہے کہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان کر کے کمال دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔پوری دنیا میں ایک سخت گیر میسج جائیگا۔کشمیری بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف اب مزید طاقت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور سیز فائر لائن توڑنے کے لیے نکل پڑے ہیں۔

اس سلسلہ میں صدر مسلم کانفرنس نے پاکستان سمیت ریاست بھر میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے ملک گیر رابطہ مہم شروع کر دی ہے۔صدر مسلم کانفرنس نے 23اگست یوم نیلہ بٹ پر ایک دفعہ پھر تاریخی اعلان کیا گیاتھا جس سے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں بھائیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

آر پار کشمیریوں کے درمیان خونی لکیر کھینچ کر انہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں رکھا جا سکتا۔

مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اگر ضرورت پڑی تو جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 24نومبر کو مسلم کانفرنسی کارکنوں کا ایک سمندر سیز فائر لائن توڑنے کیلئے سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم حد سے بڑھ چکے ہیں۔

اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اور عالمی دنیا کو بتائیں کے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی آزادی ہی ایشیاء میں قیام امن کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنسی کارکن سردار عتیق احمد خان کے ہر فیصلے پر تسلیم خم کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ سیز فائر لائن توڑنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے اس موقع پر آزاد کشمیر بھر کے یوتھ کے نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیز فائر لائن کے پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں۔

متعلقہ عنوان :