ہمارے لیے ہمیشہ یہ بات باعث اعزاز اور قابل فخر رہے گی کہ ہم دختر عالم اسلام محترمہ بینظیر بھٹو شہید ؒ کے 18 اکتوبر سانحہ کار ساز کے وقت اور لیاقت باغ میں ان کی شہادت کے موقع پر ان کے ہمراہ اور شانہ بشانہ تھے ‘ہمارے لیے یہ بات بھی باعث اطمینان ہے کہ ہم قائد عوام جناب ذوالفقار علی بھٹو ؒ کے پیرو کار اور حسین ابن علی ؑ کے ماننے والے ہیں

پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے راہنما راجہ نصیر احمد راٹھور ایڈووکیٹ کا سانحہ کارساز کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 18 اکتوبر 2016 15:15

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے راہنما راجہ نصیر احمد راٹھور ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہمارے لیے ہمیشہ یہ بات باعث اعزاز اور قابل فخر رہے گی کہ ہم دختر عالم اسلام محترمہ بینظیر بھٹو شہید ؒ کے 18 اکتوبر سانحہ کار ساز کے وقت اور لیاقت باغ میں ان کی شہادت کے موقع پر ان کے ہمراہ اور شانہ بشانہ تھے اور ہمارے لیے یہ بات بھی باعث اطمینان ہے کہ ہم قائد عوام جناب ذوالفقار علی بھٹو ؒ کے پیرو کار اور حسین ابن علی ؑ کے ماننے والے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ کارساز کی یادمیں پارٹی کے جیالے ملک مشتاق حسین کے دفتر میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نصیر راٹھور ٬ آفتاب انجم٬ ملک مشتاق٬ ماموں یونس اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنو ںکی لازوال اور تاریخ ساز قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے اور بلاو ل بھٹو کی قیادت میں ہمیں نوجوان قیادت ملی ہے اس پر ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کیونکہ بلاول بھٹو کے چہرے میں بھٹو شہیدؒ٬ بینظیر بھٹو شہیدؒ کا عکس اور جھلک نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

نصیر راٹھور نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکنان اب بھی مرتے دم تک اور نسل در نسل پاکستان پیپلز پارٹی٬ بلاول بھٹو اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر قربانی کے لیے تیار ہیں ۔ اس موقع پر ایک قرار داد کے ذریعے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے ضلعی ہیڈ کوارٹر کوٹلی کو 400بیڈز کا جدید ہسپتال دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اگر یہ جدید ہسپتال ضلعی ہیڈ کوارٹر کوٹلی سے باہر کہیں منتقل کیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی عوا م کے تعاون سے اس کی بھرپور مذمت کرے گی۔