مسلم پرسنل لاء کالعدم قرردینا آر ایس ایس کا ایجنڈا ہے٬جماعت اسلامی

منگل 18 اکتوبر 2016 13:32

․ سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںجماعت اسلامی نے بھارتی حکومت کی طرف سے ہندوستان میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور مسلم پرسنل لاء کو کالعدم کرنے کی کوششوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے بھارتی حکومت ہندوستان میں مسلمانوں کی شناخت کومٹانے کی مذموم کوشش کرتے ہوئے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ جیسی فرقہ پرست قوتوں کے اشاروں پر عمل پیرا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بھارت کی کسی حکومت نے اعلاناً مسلم پرسنل لاء کو کالعدم کرکے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی سفارش کی ہے۔بھارتی حکومت جسے سنگھ پریوار کی پشت پناہی حاصل ہے اس وقت کھل کر مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت میں مسلمانوں کی دینی شناخت کو ختم کرکے پورے ملک کو ہندو راشٹرمیں تبدیل کرنے کے منصوبے پر جارحانہ انداز میں عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھرمیں رہنے والے مسلمان دینی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کبھی برداشت نہیں کرسکتے اور بھارتی مسلمان بھی پرسنل لاء کو کالعدم کرنے کے نام پر اپنے دینی تشخص کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیںگے۔ مسلم پرسنل لاء بھارت میں رہ رہے بیس کروڑ مسلمانوں کے لیے نہ صرف قانونی تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ بھارت کے مسلمانوں کی اپنی دینی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی خواہش کا آئینہ دار ہے۔

جماعت اسلامی نے ہندوستان میں مسلم پرسنل لاء کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو بھارتی مسلمانوں کے خلاف منصوبہ بند سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں ہندو قوم پرست قوتوں کی مسلم کش پالیسی کا تسلسل ہے جو کبھی گائو رکھ شک تو کبھی بڑے گوشت پر پابندی کی صورت میں سامنے آرہی ہے۔