برہان وانی کی شہادت نے مسئلہ کشمیر کو جلا بخشی ہے‘ناصرڈار

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے

منگل 18 اکتوبر 2016 13:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2016ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن ناصر ڈار ایم ایل اے نے کہا ہیکہ برہان وانی کی شہادت نے مسئلہ کشمیر کو جلا بخشی ہے ۔ سرحدوں پر کشیدگی اور دونوں ممالک کے درمیان جنگی ماحول کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے ۔ اسلام آباد روانگی سے قبل کشمیری مہاجرین سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا ہیکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں قابل مذمت ہیں ۔

(جاری ہے)

بیس کیمپ میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ہر بین الاقوامی فورم کا دروازہ کھٹکھٹائے گی ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے ۔ ناصر ڈار ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت تعمیر وترقی کا جال بچھائے گی اور معاشرتی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں روڈ انفراسٹریکچر کی بہتری اور تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ آزاد کشمیر میں گڈ گورنینس کے قیام اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ آزاد خطہ کو ایک مثالی اسلامی فلاحی مملکت میں تبدیل کیا جاسکے ۔