وزیراعظم محمد نوازشریف کا دورہ آذربائیجان کامیاب اورنتیجہ خیز رہا

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 16 اکتوبر 2016 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کا دورہ آذربائیجان کامیاب اورنتیجہ خیز رہا۔ اتوار کو پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیراعظم اور آذربائیجان کی قیادت نے تجارت٬ سرمایہ کاری اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا آذربائیجان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا اور آذربائیجان کی قیادت نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ آذری صدر آئندہ برس کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط ہوںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی قیادت نے مسئلہ کشمیر کے بارے پاکستان کے موقف کی توثیق کی اور انہوں نے مقبوضہ وادی میں بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دنیا میںتنہا نہیں کرسکتا٬یہ دورہ بھارت کیلئے واضح پیغام ہے کہ پوری دنیا کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت کرتی ہے۔