ملک میں جمہوریت کا سورج کبھی غروب نہیں ہونے دینگے٬سید مراد علی شاہ

نوجوان قیادت ٬ سیاسی پختگی اور عوامی سیاست کی ضمانت پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہی وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 16 اکتوبر 2016 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ریلی پاکستان پیپلز پارٹی کی کراچی کی سیاسی فتح ثابت ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ کراچی کے عوام کو اب نوجوان ٬ بے باک خدمت کرنے والی قیادت کی ضرورت ہے جو بلاول کی صورت میں موجود ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ نوجوان قیادت ٬ سیاسی پختگی اور عوامی سیاست کی ضمانت پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کسی بھی ہسپتال کے راستے بند نہیں کئے گئے ہیں اور ہسپتالوں کے لئے متبادل راستوں کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک پولیس گائیڈ کرنے کے لئے موجود ہے ۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم سانحے کارساز کے شہیدوں کی عظمت کو سلام کرنے کے لئے نکلے ہیں جب بینظیر بھٹو کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جسے ہمیشہ یا د رکھا جائے گا اور کارکنوں کی قربانیوں کو رائیگا ں نہیں جانے دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ حملہ جمہورت کی امید پر حملہ تھا ٬ یہ حملہ پاکستان پر حملہ تھا اور آج ملک میں جمہورت ہے اور حملہ آور دربدرکی خاک بسر ہیں۔صوبہ سندھ میں بے نظیر بھٹو کا کارکن وزیراعلیٰ ہے جو بلاول بھٹو کی رہنمائی میں آپ کی دن رات خدمت میں مصروف ہے اورآئیں آج ہم سب یہ عہد کرتے ہیں بے نظیربھٹو کے خون کے ساتھ ٬ کارساز کے شہیدوں ٬ شہید بھٹو کے افکار اور انکے ویژن کے تحت ہم ملک میں جمہوریت کا سورج کبھی غروب نہیں ہونے دینگے۔

لاڑکانہ کو تیسرے عوامی وزیراعظم دینے کا اعزاز دینگے شہید بے نظیر بھٹو کا بیٹا ٬ پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائیں گے اور عوام کی خدمت٬ روزگار دینا٬ خواتین کو عزت دینا٬ مذہبی نفرتوں سے بالا تر ہوکر یہ سب کچھ پاکستان پیپلزپارٹی ہی کر سکتی ہے یہ آپ کی پارٹی ہے آج کی ریلی سے پاکستان پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور آج ثابت ہوگیا ہے کہ لیاری پاکستان پیپلزپارٹی کا تھا٬ ہے اور رہے گا اور ہم لیار ی کو خوب ترقی دینگے یہ ریلی ملکی سیاست میں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان کی عوام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔

لیاری پہنچنے پر لیاری گیٹ پر دونوں پیٹرول پمپ کھلے دیکھ کر بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر شاباش دی اور چئیرمین پی پی بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ کو کہا کہ یہ اچھی رو ایت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے لوگوں کے کاروبار کو متاثر نہیں کیا۔بعد میں چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا لیاری میں خطاب تاریخی ہے اور انکی تقریر نے بہت سارے سیاسی یتیموں کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔

چئیرمین کے خطاب سے سیاسی مخالفین کی روحیں تک ہل گئیں ہیںاور کچھ سیاسی یتیم آج کی ریلی دیکھ کر جل گئے ہیںکوئی نہ کوئی بہانہ کر کے پاکستان پیپلزپارٹی کی عوامی ریلی پر تنقید کر رہے ہیں اور کہا کہ آپکی جلن ٹھیک ہے آپکو اپنی سیاسی بسات لپیٹی ہوئی نظر آرہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ آپ ٹھنڈا پانی پیئیں شاید آپکو سکون مل جائے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ صو فیا کرام کی دھرتی ہے چئیرمین پی پی نے صحیح کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے خود تقسیم ہوگئے ہیں۔ بعد میں انہوں نے کہا کہ کارکنوںنے استقبالیہ کیمپس پر عوام کے لئے سہولیات مہیا کیں ہیں٬ پانی وغیر ہ کا بندوبست کیا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔بعد میں انہوں نے شاہراہ فیصل پر لائٹ کے انتظام کو بہتر کرنے کے لئے انتظامیہ کو ضروری ہدایت جاری کیں ۔ #