سندھ کو تقسیم کرنے والے خود بکھر گئے٬ بلاول بھٹو کا مزار قائد پر ریلی سے خطاب

اتوار 16 اکتوبر 2016 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) پاکستاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو رزداری کی زیر قیادت ’’سلام شہداء ریلی‘‘ لیاری سے ہوتے ہوئے مزار قائد پہنچ گئی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے والے آج خود بکھر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے شعبے میں آگے دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتے تھے٬ مگر مقبوضہ کشمیر میں آج بھی ظلم ہو رہا ہے اور ہم آپس میں لڑ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے میرا ساتھ دیا تو ملک میں تبدیلی لا کر پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق بنائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی٬ راجہ پرویز اشرف٬ سید خورشید شاہ٬ قمر زمان کائرہ٬ سینیٹر سعید غنی٬ شیری رحمان و دیگر بھی ان کے ہمراہ خصوصی طور پر تیار کرائے گئے ٹرک پر موجود تھے۔ قبل ازیں ریلی بلاول ہائوس سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لیاری پہنچی جہاں بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کیا۔ بعد ازاں ریلی لیاری سے مزار قائد پہنچی جہاں سے ریلی کارساز کے لئے روانہ ہو گئی۔ ریلی کے روٹ کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :