ہمیں ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے٬غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے٬انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے بھی غربت کا خاتمہ ضروری ہی

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اتوار 16 اکتوبر 2016 22:40

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور افلاس میں کمی لانا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے۔ اسلامی تعلیمات کا نکتہ اولین ہے کہ ہر انسان خود داری اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرے۔ غربت کا خاتمہ ایک چیلنج ہے جس کیلئے ہر سطح پر مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع اپنے پیغام میں کہا کہ غربت ایک معاشی المیہ ہے اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کا دن منانے کا مقصد عالمی سطح پر غربت کے خاتمے کیلئے شعور اجاگر اور کاوشیں تیز کرنا ہے اور افلاس کی زندگی گزارنے والے خاندانوں کوان کے حقوق دلانے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔آج کے دن ہمیں ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے٬ اسی طرح انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے بھی غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت سے متعلق مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اورمؤثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ معاشرے میں معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے٬ لہٰذا معاشرے کے ہرفرد کا فرض ہے کہ وہ اپنی حیثیت کے اعتبار سے اس کارخیر میں حصہ ڈالے۔ انہو ںنے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم غربت کے خاتمے کیلئے ضروری ہے۔

اللہ تعالیٰ نے جن لوگوں کو وسائل کی دولت سے مالامال کیا ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ غربت کے خاتمے کیلئے آگے آئیں۔ اس نیک کارخیر سے وہ دین اور دنیا دونوں کمائیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے انقلابی نوعیت کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن کا مقصد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔حکومت پنجاب کے فلاحی پروگراموں سے صوبے کے لاکھوںغریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم سب مل کر وطن عزیز سے غربت کے خاتمے کے لئے اپنی تمام تر کاوشیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔