کراچی میں بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی میں پیپلز پارٹی لاہور کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی شرکت

اتوار 16 اکتوبر 2016 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلاول ہائوس سے کارساز تک نکالی گئی سلام شہداء ریلی میں پیپلز پارٹی لاہور کے کارکنوں نے سابق سیکرٹری اطلاعات فیصل میر کی قیادت میں ڈاکٹر ضرار یوسف‘ عاقب سرور اور شہزاد شفیع سمیت پیپلز پارٹی لاہور کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور بلاول ہائوس کے باہر بلاول چورنگی میں پیپلز پارٹی لاہور کے کارکنوں کی طرف سے ایک استقبالیہ کیمپ بھی لگایا جس میں لکھا گیا تھا کہ بی بی تیرا یہ قافلہ رکا نہیں تھما نہیں ہے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا کہ آٹھارہ اکتوبر کو سانحہ کارساز کا واقعہ رونما کرکے جمہوریت کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی اور ایک لبرل جماعت کی لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے استقبالی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس لبرل جماعت کے راستے کو ہمیشہ کے لئے روکنے کی ایک ناکام کوشش کی گئی تھی لیکن ہم ان لوگوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ بی بی کا قافلہ نہ تو رکا ہے اور نہ ہی تھما ہے ہم لاہور سے سپیشل کراچی یہی مقام دینے کے لئے آئیں ہیں کہ بی بی کے جیالے ان کے جمہوری سفر کو جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

عاقب سرور نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے جیالوں کی قربانیوں کو بھولی نہیں ہے ۔شہزاد شفیع نے کہا کہ ڈکٹیر ضیاء الحق‘ یحیی خان اور پرویز مشرف نے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی بڑی کوشش کی لیکن اس میں کامیاب نہ ہو سکے ۔جب چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ریلی شروع ہوئی تو لاہور کے قافلے نے ان کے شانہ بشانہ چل کر نعروں کا بھرپور جواب دیا اور لاہور کی بھرپور نمائندگی کی۔