چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ میں اسلام آباد جنز نے لاہور ہاکس جبکہ ملتان نے لودھراں کو شکست دیدی

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:30

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ میں اسلام آباد جنز نے لاہور ہاکس کو 26-6 سے ہرا دیا جبکہ ملتان نے لودھراں کو 17-0 سے شکست دیدی۔ اسلام آباد رگبی گرائونڈ میں کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔

اس موقع پر پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد٬ ڈویلپمنٹ مینجر سید معظم علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈویژن ون کے اس میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جم کر مقابلہ کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی اسلام آباد کے فاورڈز نے لاہور ہاکس کے خلاف شاندار موو بنائی اور ایک کنورٹڈ ٹرائی سکور کرلی۔ لاہور ہاکس نے بھی بھرپور جوابی حملے کیے اور پہلے ہاف میں عارف نے دو پنلٹی سکور کرکی6 پوائنٹس حاصل کرلیے۔

(جاری ہے)

اس طرح پہلے ہاف کے اختتام پر سکور 7-6 تھا۔ اسلام آباد کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں اسلام آباد جنز رگبی کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین اور ٹرائیز سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ اسلام آباد کی طرف سے اسامہ٬ دائود٬ معیز ٬ ساحر اسلم نے ٹرائیز سکور کیں جبکہ بلال نے تین ٹرائیز کو کنورٹ کیا۔ادھر ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ملتان نے لودھراں کو یکطرفہ مقابلہ کے بعد 17-0 سے سے شکست دیدی۔

پہلے ہاف پر ملتان کو لودھراں پر 5-0 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں ملتان کی طرف سے دو اور ٹرائیز سکور کرکے میچ جیت لیا گیا۔ ملتان کی طرف سے خاور٬ ساجد اور وقار نے ٹرائیز سکور کیں۔ پاکستان رگبی یونین کے سیکرٹری جنرل عارف سعید کے مطابق سروس لیگ میں دلچسپ اور زبردست میچز جاری ہیں۔ کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد میں شمولیت خوش آئند ہے۔ جیسے جیسے لیگ کے میچز ہو رہے ہیں کھلاڑیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

متعلقہ عنوان :