وڈیروں سے زمینیں لے کر کسانوں اور ہاریوں میں تقسیم کی جائیں٬الطاف شکور

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء)پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ ہزاروں ایکڑ زمین رکھنے والے وڈیروں اور جاگیرداروں سے زمینیں واپس لے کر غریب کسانوں اور ہاریوں میں تقسیم کردی جائیں ٬ملک اناج ٬ پھل اورسبزیوں میں خود کفیل ہوجائے گااور برآمد بھی کرسکے گا ۔ بھارت میںزرعی اصلاحات ہوسکتی ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں٬ ملک میں بھاری اکثریت کو پیٹ بھر کر روٹی میسر نہیں ۔

عالمی یوم خوراک پر موجودہ صورت حال حکمرانوں کے لئے شرمناک ہے ۔تھر میں خوراک کی کمی کی وجہ سے سینکڑوں بچے موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں ٬ یہ صوبائی ووفاقی حکومت کی نااہلی ہے ۔وہ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں پاسبان عہدیداران ٬ ورکرز اور وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان کراچی رابطہ کمیٹی کے چیئر مین طارق چاندی والا ٬اراکین عبدالحاکم قائد ٬ سردار ذوالفقار اور ظفر اقبال اور شیخ شکیل بھی موجود تھے ۔

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے مزید کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور آلو٬ پیاز ٬ ٹماٹر٬ دالیں ٬ چینی وغیرہ درآمد کی جاتی ہیں ۔ پڑوسی ملک بھارت میں زرعی اصلاحات ہوگئیں تو پاکستان میں کیوں نہیں ہوسکتیں وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی ہے ٬ جو غریب کسانوں اورہاریوں میں تقسیم کردی جائے تو ملک اناج میں خود کفیل اور برآمدات کے قابل ہوسکتا ہے ۔

پاکستان میں محض ایک فیصد سے بھی کم طبقہ ’’فاسٹ فوڈ ‘‘کھاتا ہے ٬جبکہ بھاری اکثریت کو عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ۔ حکمران عیش کرتے ہیں اور غریب عوام بھوکے سوتے ہیں ۔ ملک میں جاری لوٹ کھسوٹ کی سرپرستی کرنے والا طبقاتی اور جاگیردارانہ نظام ختم کیا جائے ۔ الطاف شکور نے کہا کہ حکمران اور وزراء عالمی یوم خوراک پر گھسے پٹے بیانات جاری کرتے ہیں ۔

بھاری اخراجات سے سیمینار کرتے اور فوٹو سیشن کرتے ہیں ۔ اس کے بجائے غریب عوام کی فلاح و بہبود اور خوراک و پیداوار میں اضافہ کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ الطاف شکور نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد اور پاکستان میں مہنگائی کے باعث عوام اپنی آمدنی کا70 فیصد سے زائد حصہ صرف خوراک پر خرچ کرتے ہیں اور وہ بھی اصلی نہیں ۔