عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو پاکستان بنانے کی سزادی جارہی ہے٬محمدسلیم خاں قادری ترابی

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلاد شریف کااہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات و شخصیات پر مشتمل مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر٬ مرکزی انجمن سیرت النبیؐ گلبہار کے چیئرمین ممتاز قومی وسماجی رہنما محمد سلیم خاں قادری ترابی نے محرم الحرام کے پہلے عشرے باالخصوص یوم عاشورہ پر رینجرز پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروںکے تمام اراکین کی شب و روزمحنتوں اور کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج رینجرز پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے سربراہان اعلیٰ صلاحیتوں کی دولت سے مالا مال ہیں٬ انکے جذبے خلوص محنت اور جدوجہد کو عوام اہلسنّت حنفی بریلوی سلام محبت پیش کرتے ہیں ٬وہ یٰسین شکوری ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی مرزا محمد مبین بیگ کی قیامگاہ پاکستان ہائوس وحید آباد گلبہار میں مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے٬ جس کی صدارت پاکستان اسلا مک فورم کے رہنمامحمد طارق نفیس خاں اکبر آبادی نے فرمائی٬ جبکہ مہمان خصوصی امن کمیٹی ضلع سینٹرل کے رکن ناصر حسین خاں تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے رہنما محمد شکیل قاسمی ٬شہری حقوق کمیٹی کے چیئرمین عبد الوحید یونس نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر پیر طریقت رہبر شریعت حضرت علامہ سید شاہ ترا ب الحق قادری رحمتہ اللہ علیہ اور انجمن فدایان محمد ؐ حسن کالونی کے جنرل سیکریٹر ی سید رضوان حیدر زیدی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

محمد سلیم خاں قادری ترابی نے قائدین ٬اکابرین٬ کارکنان ٬علمائے کرام٬ مشائخ عظام اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے صبرو تحمل برداشت اور در گزری کے عمل اور حکومتی اداروں رینجرز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے مر کزی میلاد الائنس پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر شکر یہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ20 لاکھ سے زیادہ تحریک پاکستان کے شہیدوں کے امین اکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی پاکستان کے استحکام ترقی خوشحالی اور امن وامان کے قیام میں لاکھوں اہلسنّت حنفی بریلوی کی قربانیوں سے حاصل کیئے گئے مملکت خداداداسلامی جمہوریہ پاکستان کی مسلح افواج رینجرز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادروں سے اپنے تعاون کے تسلسل کو قائم رکھیں گے۔

محمد سلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ عوام اہلسنت حنفی بریلوی مسائل کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو پاکستان بنانے کی سزادی جارہی ہے مگر ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی غلامان مصطفٰے ؐ ہیں ٬اولیاء کرام اور مشائخ عظام کے عاشقان ہیں ظلم و ستم اور جبر کو صبر وتحمل سے برداشت کرنا ہمارابنیادی سبق ہے٬ اس لیئے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی اسلام اور پاکستان دشمنوں کی ہر ساز ش کا مقابلہ کرتے رہیں گے٬ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی ہی پاکستان کی حفاظت کریں گے اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی مملکت خداداد پاکستان میں امن ترقی خوشحا ل کا دور دورہ لائیںگے ٬وہ وقت دور نہیں جب کسی بھی شخص کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی ٬مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے جملہ اراکین پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :