پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کا ہمارا عزمِ غیر متزلزل ہے٬آپریشن ضربِ عضب اپنے نتیجہ خیز انجام کے قریب ہے ٬ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے لئے پوری قوم اورمسلح افواج کے عزم کا مظہر ہے٬دنیا کی اعلیٰ پیشہ ورانہ اور سخت جنگی افواج میں سے ایک فوج ہونے کے ناطے پاک آرمی نے اپنے آفیسرز اور جوانوں کی بے شمار قربانیاں دی ہیں

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) پی ایم اے 35ویں گریجویٹ پروگرام٬28ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس اور53ویںانٹگریٹیڈ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہوئی۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم رضا نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

اس امتیازی سنگ میل کے حصول پر کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ پریڈ کا بہترین معیاراور کیڈٹس کا شاندار ٹرن آئوٹ درحقیقت اکیڈمی کے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیاراور روایات کی دلیل ہے جو کہ اکیڈمی کی فیکلٹی اور اسٹاف کے بلند عزم اور لگن کی بدولت قائم ہے۔

(جاری ہے)

آپ نے آج دنیا کے ایک بہترین عسکری تربیتی ادارے سے تربیت مکمل کی ہے۔

ایڈمرل نے کہا کہ کسی بھی قوم کے دفاع میں اسکے سکیورٹی خدشات کو سامنے رکھا جاتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ خطرات سے نبرد آزمائی اور انہیں کامیابی سے کُچلنے سے بھری پڑی ہے۔گذشتہ چند عشروں کے دوران نوجوان قوم کو جن چیلنجز کا سامنا رہا انہوں نے ہمیں مزید مضبوط اور توانا بنا دیا ہے۔غیرحل شدہ تنازعات جو مزید سُلگ رہے ہیں اور مستقبل کے خوفناک چیلنجز اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اندرونی اور بیرونی سرحدوں پر مزید چوکنا اور مستعد رہیں۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہمارا عزمِ غیر متزلزل ہے۔آپریشن ضربِ عضب اپنے نتیجہ خیز انجام کے قریب ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے لئے پوری قوم اورمسلح افواج کے عزم کا مظہر ہے۔دنیا کی اعلیٰ پیشہ ورانہ اور سخت جنگی افواج میں سے ایک فوج ہونے کے ناطے پاک آرمی نے اپنے آفیسرز اور جوانوں کی بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

کامیابیوں کے یہ ابواب درحقیقت ہمارے بہادر سپاہیوں٬ سیلرز اور ایئر مین کے خون سے عبارت ہیں۔ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاکستان اس وقت تک اپنا سفر جاری رکھے گا جب تک ہم پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کی دشمن قوتوں سے ملک کو محفوط نہیں بنا لیتے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں کشمیریوں کا ناحق خون بہایا جا رہا ہے اور پاکستان پر ایک تواتر کے ساتھ جھوٹے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں٬ مجھے اس حقیقت کا اعادہ کرنے دیں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پُر امن اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔

دنیا کو من گھڑت کہانیوں سے گمراہ نہیں کیا جا سکتااور بھارتی مقبوضہ کشمیر اور کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی اور نہ ہی جھوٹی کہانیوںمیں پناہ حاصل کرنے کی کوششیں کامیاب ہوں گی۔جنگی عزائم کی حامل کسی بھی غیر ارادی جارحانہ اقدام یا کوشش وہ ارادی ہو یا حکمت عملی کی غلطی ٬اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ہم اپنی سالمیت اور سرحدی خودمختاری کا مکمل طاقت کے ساتھ ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔پاسنگ آئوٹ تقریب میں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ آفیسرز کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :