صوبائی وزیر شمیم ممتاز کا نویں جماعت کی 3 بچیوں کی گمشدگی کا نوٹس

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:55

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء)صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتازنے گذشتہ روز ملیر کے علاقے سعودآباد سے نویں جماعت کی تین بچیوں کی پراسرار گمشدگی کا نوٹس لے لیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر نے ایس ایس پی کورنگی نعمان احمد صدیقی٬ بچیوں کے والدین اور واقع میں گرفتار تین نوجوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حیدر رضا٬ ڈی ایس پی حسن رضا و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعہ کی تفتیش کر کے بچیوں کا فوری طور پر پتا لگایا جائے۔ صوبائی وزیر نے بچیوں کے والدین کو یقین دلایا کہ بچیوں کا پتہ جلد از جلد لگالیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی نعمان احمد صدیقی نے بتایا کہ واقعہ کی ایف آئی آر بچیوں کے والدین کی مدعیت میں درج کی گئی ہے اور ایف آئی آر میں نامزد تین نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور جلد واقعہ کی اصل حقیقت اور بچیوں کا پتا لگالیا جائے گا۔