خصوصی افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے حکومتی سطح پر کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں٬ مقررین

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:54

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ملکی سطح پر اور خصوصاًً صوبہ پنجاب میں بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں ضلع اوکاڑہ میں اب تک 76خصوصی افراد کو مختلف سرکاری محکموں میں نوکریاں دی گئی ہیں اور مستقبل میںبھی سپیشل افراد کو طے شدہ کوٹہ کے مطابق نوکریاں دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انفارمیشن ساہیوال ڈویژن ریاض بھٹی ٬ای ڈی او سی ڈی رانا اشرف جاوید ٬بانی ادارہ اظہار الحق ٬ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی ٬ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ ظفر اقبال نے -"تحفظ سفید چھڑی"کے عالمی دن کے موقع پر ادارہ گنج شکر میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ سپیشل افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لئے حکومتی سطح پر کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں ہمیں ان خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور انہیں خود اعتمادی کی دولت سے مالا مال کرنے کے لئے ہر سطح پر اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہے انہیں زندگی میں پر اعتماد شخصیت کے حامل افراد کے طو ر پر آگے لانے کے لئے از حد ضروری ہے کہ ہم انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور انہیں درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے ان کا ساتھ دیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل بچوں ٬خصوصی افراد اور اساتذہ نے شرکت کی ۔مقررین نے کہا کہ خصوصی افراد میں صلاحیتیں عام نارمل انسانوں کی طرح ہی ہیں ان کو سمت دینے کی ضرورت ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے انہیں بہترین مستقبل دیا جا سکتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ عالمی تحفظ سفید چھڑی کے عالمی دن کی مناسبت سے اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے خصوصی افراد کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ان کی صلاحیتوں کو اس طرح بروئے کار لانا ہے کہ وہ اپنے لئے بہترین مستقبل اور وطن عزیز کے لئے بہترین خدمات سر انجام دے سکیں ۔

اس موقع پر سپیشل بچوں نے قراء ت اور نعت خوانی کے ساتھ ساتھ ملی نغمے بھی پیش کئے تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :