ضلعی انتظامیہ نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرالی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:53

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) ضلعی انتظامیہ نے گرینڈآپریشن کرکے سروالا راجباہ روڈ پر لیاقت ٹائون کے قریب کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام بنادی اور بھاری مشینری کے ذریعے تعمیرات کو گرا کر سرکاری زمین واگزارکرالی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اطلاع ملنے پرڈی سی او سلمان غنی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمدشاہد اور اسسٹنٹ کمشنرسٹی بلاول ابڑو کو سروالاراجباہ مین روڈ پر لیاقت ٹائون کے قریب سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کوختم کرانے کاحکم دیاجس پر انہوں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی اورمختلف قسم کی مشینری لگا کر دیواروں کوگراکرتمام میٹریل قبضہ میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ جگہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ میں پارک کے لئے چھوڑی گئی تھی جس کے بعض دعویدار پیدا ہوگئے تاہم یہ زمین متنازعہ ہے جسکی متعلقہ اداروں سے کلیئرنس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جاسکے گا۔ڈی سی او سلمان غنی نے کہا ہے کہ کسی کو زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔