مسلم لیگ(ن) کے 2013کے الیکشن کے دوران کئے گئے بلند بانگ دعوے کہیں پورے ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ٬ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جوں کاتوں ہے٬مہنگائی اور بے روزگاری دن بدن بڑھتی جارہی ٬کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں

سابق تحصیل ناظم راجہ حامد نواز کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) سابق تحصیل ناظم راجہ حامد نواز نے کہا ہے کہ 2013کے الیکشن کے دوران بجلی بحران اور دیگر مسائل کو لے کر مسلم لیگ(ن) نے جو بلند بانگ دعوے کئے تھے تین سال گزرجانے کے باوجود کہیں بھی پورے ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جوں کاتوں ہے٬مہنگائی اور بے روزگاری دن بدن بڑھتی جارہی۔

کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں٬لاقانونیت حد سے بڑھ چکی ہے ٬قرض پہ قرض لیے جارہے ہیں اورنئے نئے ٹیکس لگاکر عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزدھمیال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اہم قومی ایشوز کوحل کرنے کی بجائے مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی بیانا ت کے ذریعے عوام کوبے وقوف بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں کاغذی منصوبوں اور اقتصادی خوشحالی کی تشہیر ی مہم محض دکھاوے کے سواکچھ نہیں۔قومی خزانے سے اربوں روپے ذاتی تشہیر پر لگائے جاتے ہیں۔قرضوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کے باجود اہم قومی مسائل کو حل نہیں کیاجارہا۔حکمرانوں کی کارکردگی نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت مخلص اور محب وطن سیاسی قیادت کافقدان ہے۔جب تک ملک کوحقیقی معنوں میں عوام دوست حکمران نصیب نہیں ہوتے پاکستان ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہاکہ ملک ایک طرف مہنگائی٬بے روزگاری٬لاقانونیت٬دہشتگردی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کاشکار ہے دوسری جانب کرپشن کے ناسور نے پورے نظام کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔اب تک جو بھی حکومت آئی ہے اس کے نمائندوں نے لوٹ مار٬کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہاکہ دولت پرستی٬آسائش پسندی اور معیار پرستی نے حلال حرام کی تمیز ختم کردی ہے۔

دولت چند ہاتھوں تک محدودہوکررہ گئی ہے۔امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب مزید غریب ہوچکا ہے۔ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کاقانون رائج ہے۔راجہ حامد نواز نے مذید کہا کہ حکمران11مئی2013کے انتخابات سے قبل عوام سے کئے اپنے تمام وعدے بھلاچکے ہیں۔ظلم واستحصال٬بے روزگاری٬ناخواندگی٬بیماری٬بدامنی کاخاتمہ کئے بغیر دنیا میں باعزت اور باوقار مقام حاصل نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ لوگ محب وطن٬باکردار٬پڑھی لکھی اور کرپشن سے پاک بے داغ قیادت کواقتدار کے ایوانوں میں بٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :