پارلیمنٹیرینز یونین آف اسلامک کے اجلاس میں 50ممالک کے سامنے مقبوضہ کشمیر پر آواز بلند کروں گا ‘ سردار ایاز صادق

بھارت کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے بھاگ رہا ہے ٬کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائوں گا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آج ( اتوار ) ترکی میں پارلیمنٹیرینز یونین آف اسلامک کے اجلاس میں شرکت کے لئے جائوں گا جہاں 50ممالک کے سامنے مقبوضہ کشمیر پر آواز بلند کروں گا ٬گیس کی کمی کو ایل این جی سے پو را کیا جا رہا ہے ٬ 2017ء کے آخر تک لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے بھاگ رہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کی جا رہی ہے٬ وہاں پیلٹ گن سے کشمیریوں کو نا بینا کیا جا رہا ہے ۔کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپورطریقے سے اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ( اتوار ) ترکی میں پارلیمنٹیرینز یونین آف اسلامک کے اجلاس کے لئے جا رہا ہوں ٬ وہاں مسئلہ کشمیر پر تقریرکروںگااور 50ممالک کے سامنے مقبوضہ کشمیر پر آواز بلند کروں گااور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی کو ایل این جی سے پو را کیا جا رہا ہے ٬ 2017ء کے آخر تک لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔