ملک کا امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔بیگم خالدہ منصور

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:14

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء)سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) خواتین ونگ و ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا ہے کہ ملک کا امن خراب کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی آج تک کسی دشمن نے بھی نہیں دی ‘کرائے پر ریلیاں نکالنے والوں کے پاس کوئی عوامی اور ملکی ایجنڈہ نہیں ہے یہ غیر وںکے ایجنڈے اور نقش قدم پر چلنے اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے والے عوام او رملک کے خیر خواہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی انتھک محنت اور کاوشیں ناقابل فراموش ہیں ۔ ملک بھر میں توانائی منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے٬ 2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہوجائیں گے اور ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ اور سستی بجلی عوام کو ملے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی بے پناہ کوششوں سے تھر میں کوئلہ سے چلنے والے بجلی گھر بھی نصب کئے جارہے ہیں ایسا گزشتہ 70 برس میں نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 46 ارب ڈالر لاگت کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے جاری ہیں٬ اس سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ ملک میں ایک ہزار ارب روپے کی لاگت سے موٹر ویز/شاہرات تعمیر کی جا رہی ہیں٬ ہم سماجی شعبے کی ترقی پر بھی کام کر رہے ہیں٬ آئندہ 18 ماہ میں مزید کئی ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔