ایوان برائے صنعت وتجارت اسلام آباد کا مارکیٹوں میں جلد از جلد ترقیاتی کام مکمل کروانے کا مطالبہ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) ایوان برائے صنعت وتجارت اسلام آباد کے صدر خالد اقبال ملک نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد مارکیٹوں میں ترقیاتی کام مکمل کرائے تاکہ تاجروں کو سہولت مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر مارکیٹ کی ٹریڈنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔

خالد اقبال ملک نے کہا کہ سپر مارکیٹ اسلام آباد کی اہم ترین مارکیٹ ہے جس میں غیر ملکی سفراء سمیت دیگر وی آئی پی شخصیات خریداری کیلئے آتی ہیں لہذا سی ڈی اے سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار کے فروغ کیلئے سپر مارکیٹ سمیت اسلام آباد کی دیگر مارکیٹو ں میں ایک ایڈیشنل سٹوری کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی ای مارکیٹوں میں ایڈیشنل سٹوری بنانے کی اجازت دے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کالیز کی تجدید موجودہ عمل کافی مشکل ہے جس وجہ سے بہت سی کمرشل عمارتوں کی لیز کی تجدید رکی ہوئی ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ لیز کی تجدید کے عمل کو مزید سہل اور آسان بنائے۔ انہوں نے سپر مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر ان کے اجاگر کردہ مسائل کو حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔

اس موقع پر سپر مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر شہزار عباسی٬ سینئر نائب صدر احمد مغل اور جنرل سیکرٹری محمد حسین نے اپنی مارکیٹوں کے چیدہ چیدہ مسائل سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے کچھ عرصہ پہلے ایڈیشنل سٹوری والی بعض کمرشل عمارتوں کو ریگولرائز کردیا تھ الیکن اب محکمہ نے یہ سلسلہ روک لیا ہے جس وجہ سے مالکان اور تاجر برداری کو مشکلات پیش آرہی ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں ایڈیشنل سٹوری کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ میں پارکنگ٬ فٹ پاتھ٬ سٹریٹ لائٹس اور واٹر فلٹریشن پلانٹس سمیت دیگر سہولیات کی حالت بھی بہتر نہیں ہیں لہذا سی ڈی اے ان مسائل کی طرف فوری توجہ دے۔