دیہاتوں میں خواتین سماجی و معاشی تحفظ اورانصاف سے محروم ہیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

86روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی28ویں دن کراچی پریس کلب پر مظاہرہ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ دیہاتوں میں خواتین سماجی و معاشی تحفظ اورانصاف سے محروم ہیں ۔پاکستان میں دیہی خواتین کی گھروں اور کھیتوں میں بیک وقت خدمات کو نظرانداز کیا جاتا ہے اور وہ اجرت سے بھی محروم رہتی ہیں۔دیہی خواتین کی تعلیم اور فلاح و بہبود ڈاکٹر عافیہ کا خواب تھا۔

عافیہ موومنٹ قوم کی بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ خواتین کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنا عافیہ موومنٹ کا مشن ہے۔ شہروں کی طرح دیہات میں بھی خواتین عافیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کررہی ہیں۔ عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام ’’دیہاتی خواتین کے عالمی دن‘‘ اور ’’سانحہ کارساز‘‘ کے 9 سال مکمل ہونے کے موقع پرڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے کراچی پریس کلب پر86 روزہ’’ ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی شرکاء نے خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی قومی تاریخ کا المیہ ہے ۔سانحہ کارساز کے بعد 27دسمبر کا سانحہ اس سے بھی بڑا سانحہ تھا۔ جب ملک کی 2 مرتبہ منتخب وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کو ایک عشرہ گذرنے کے باوجود انصاف نہیں مل سکاتو اس سے دیہاتوں میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔دختر مشرق شہید بے نظیر بھٹو اوردختر پاکستان ڈاکٹر عافیہ انصاف کی منتطر ہیں۔

علامتی بھوک ہڑتال کیمپ کے 28ویں دن بھی مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اظہار یکجہتی کیا۔عافیہ موومنٹ کی رضاکارخواتین عذرا امجد٬رواحہ عالم٬ نور خاتون٬ کرن سہیل٬نجمہ بی بی٬ روبینہ ابراہیم ٬ مقدس غلام رسول٬ فوزیہ ابراہیم ٬ عروج فاطمہ و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک٬ ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :