سلام شہدا ریلی عوام اور سیاسی کارکنوں میںپھیلائی جانیوالی مایوسی کا توڑ ہے‘قائم علی شاہ

سلام شہدا ریلی ماضی کی ان تحریکوں کا نعم البدل تو نہیں جو جمہوریت کو آمریت کے شکنجوں سے چھڑانے کیلئے بپا کی گئیں لیکن موجودہ حالات میں یہ ریلی ان ماضی کی جمہوری تحریکوں کا ایک تسلسل ضرور ہے ‘نثار کھوڑو ایک طرف ملک میں جمہوریت اور سیاست کی بساط لپیٹنے کی سازش ہورہی ہے تو دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کارکنان اور عوام کی سیاسی تربیت اور سیاست کے ذریعے ملک کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وخوشحالی کے پیغام کو عام کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے‘مولا بخش چانڈیو

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 16اکتوبر بروز اتوار سلام شہدا کے عنوان سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پہلی عظیم الشان ریلی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس عظیم الشان سلام شہدا ریلی کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم ازسر نو ترتیب کے مرحلے میں ہے اس کے باوجود یوسی کی سطح سے اعلیٰ قیادت تک تمام کارکنان ورہنما شہدا سانحہ کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے غیر معمولی جوش وجذبے کے تحت بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار پیپلز لائرز فورم کی جانب سے نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل کے مقام پر16اکتوبر کی ریلی کے استقبالیہ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو اور مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سلام شہدا ریلی ملک کی موجودہ صورت حال میں جمہوریت بالخصوص سیاسی ماحول کو جلا بخشنے کا ایک منفرد طریقہ ہے جس سے معاشرے میں پھیلنے والی مایوسی اور جمود کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ یہ ریلی ماضی کی ان تحریکوں کا نعم البدل تو نہیں جو جمہوریت کو آمریت کے شکنجوں سے چھڑانے کیلئے بپا کی گئیں لیکن موجودہ حالات میں یہ ریلی ان ماضی کی جمہوری تحریکوں کاایک تسلسل ضرور ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ریلی میں صرف پیپلز پارٹی کے کارکنان ہی نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام نہایت جوش وجذبے کے ساتھ شریک ہورہے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایک طرف ملک میں جمہوریت اور سیاست کی بساط لپیٹنے کی سازش ہورہی ہے تو دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کارکنان اور عوام کی سیاسی تربیت اور سیاست کے ذریعے ملک کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وخوشحالی کے پیغام کو عام کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔