منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک میں آج منایا جائیگا

مرکزی تقریب سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہو گی ٬صدر فیڈرل کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین صدارت کرینگی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) تحریک منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں کل(اتوار) 16 اکتوبر 2016 انتہائی جوش و خروش سے منایا جائیگا۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 36 سالوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دنیا کے 6 براعظموں میں یوم تاسیس کی تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔

یوم تاسیس کی تقاریب میں ہزاروں٬ سینکڑوں رفقاء٬ وابستگان شرکت کر کے تجدید عہد کرینگے۔یوم تاسیس کی تقاریب میں ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت٬ درازی عمر٬ ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائینگی اور کیک بھی کاٹے جائینگے۔یوم تاسیس کے سلسلے کی مرکزی تقریب سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہو گی جس کی صدارت صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین کرینگے۔

(جاری ہے)

ماڈل ٹائون میں آج ہونے والی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منہاج القرآن لاہور کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید٬ ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل٬ حنیف قادری٬ صدر عوامی تحریک لاہور چودھری افضل گجر٬ عارف چودھری٬ اصغر ساجد٬ حافظ صفدر علی ٬ ڈاکٹر اقبال نور٬ اصغر نازسمیت منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اور مختلف ٹائونز کے صدور وناطمین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ 1980 ء میں داتا کی نگری لاہور سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے امت مسلمہ کے وکیل ڈاکٹر طاہر القادری آج ملت اسلامیہ کے شیخ الاسلام اور دنیا کیلئے سفیرامن بن چکے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد ملک میں مصطفوی انقلاب کے بعد مثبت تبدیل کی بنیاد رکھنا ہے۔وہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری اسلامی ملک بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری جب بھی قصاص اور سالمیت پاکستان تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کرینگے دنیا اس دن ہر جگہ عوام کا ایسا سمندر دیکھے گی جو اپنے محبوب قائد کے حکم پر دیدہ و دل فرش راہ کیے ہوئے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلا شبہ دنیا کی اور عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری پوری دنیا میں تکریم انسانیت اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ہی ملک کے غریب عوام کامقدر بدلنے کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :