حکومت سندھ میںمعیار تعلیم کی بہتری اور سندھ کی خوشحالی کیلئے میرٹ کو یقینی اور کرپشن فری اقدامات کرے ‘ محمد ابراہیم خان

مٹیاری ضلع کے اساتذہ کی تنخواہ بحال کرکے بے یقینی ختم کی جائے٬نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق سینیٹر کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق سینیٹرپروفیسرمحمد ابراہیم خان نے کہا کہ حکومت سندھ میںمعیار تعلیم کی بہتری اور سندھ کی خوشحالی کیلئے میرٹ کو یقینی اور کرپشن فری اقدامات کرے ٬مٹیاری ضلع کے اساتذہ کی تنخواہ بحال کرکے بے یقینی ختم کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گسٹا ضلع مٹیاری کے صدر خادم حسین جتوئی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

اس موقع پر صوبائی نائب قیم نواب مجاہد بلوچ ٬سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ٬سابق ڈی ای اورشیدمیمن بھی موجود تھے۔پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ حکمرانوں کی بد دیانتی اور فرسودہ نظام کی وجہ سے گیس تیل اور کوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام بھوک و افلاس کی عملی تصویر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچایا مگر عوام کے مسائل کو حل اور کچھ ڈلیور کرنے کے بجائے عوام کو بے یارو مدد گار اورپوری توجہ کرپشن پر لگا رکھی ہے۔

گندگی کے ڈھیر ٬ابتر تعلیمی صورتحال اور خستہ حال سڑکیں سندھ کی بد حالی کی گواہی دے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ اور قوم ترقی نہیں کرسکتی ۔ سندھ حکومت 90ہزار اسامیاں جیالا نوازی کے بجائے اہلیت و قابلیت کی بنیاد پر پر کی جائیں تاکہ حق حقداروں کو مل سکے ۔انہوں نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم اور بطور ممبر این ایف سی ایوارڈ اس مسئلہ کو وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے اٹھائیں گے ۔نئی بھرتیوں سے پہلے جو اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہوئے ان کے ساتھ ناانصافی کی بجائے اساتذہ کو تنخواہ جاری کرکے بے یقینی ختم کرے۔