خیبر پختونخو ا میں38 نئے گریڈ سٹیشن لگائے جارہے ہیں ‘ انوارالحق یوسفزئی

اس میگا پراجیکٹ سے صوبے میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنایا جائے گا‘وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق2018 ء سے پہلے ہی لوڈ شیڈنگ قابو پالیا جائیگا ‘ پشاور کے تاریخی شہر کو اچانک اندھیروں سے بچانے کیلئے متبادل لائن کام تیزی سے جاری ‘ کنڈا کلچر اور بجلی چور مافیاکے خلاف عوام تعاون کریں تو 2018 سے پہلے ہی لوڈ شیڈنگ کے جن سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔پیسکو چیف کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:15

پشاور۔15اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) چیف ایگزیکٹیو پیسکو انورا لحق یوسفزئی نے کہاہے کہ خیبر پختونخو ا میں38 نئے گریڈ سٹیشن لگائے جارہے ہیں جس پر پہلے ہی کام شروع کیاجاچکا ہے ‘ اس میگا پراجیکٹ سے صوبے میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز نواں کلی فیڈر ٹو کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ویژن کے مطابق2018 ء سے پہلے ہی لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا جائیگا اور یہی وجہ ہے کہ پیسکو کنڈا کلچر کے خاتمے اور صارفین کو ٹائم پر بل ادا کرنے کی مہم پر کام کررہا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کنڈا کلچر کے خاتمے سے بجلی کی ترسیل بلا تعطل ممکن ہوسکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نواں کلی فیڈر ٹو ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس میں پچاس کھمبے اور ہر کھمبے کی لمبائی 45 فٹ رکھی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواں کلی تاریخی اعتبار سے پوری دنیامیں مشہور ہے جس نے سکواش کے میدان میں سات ورلڈ چمپئن پیدا کیے ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق نواں کلی کوہاٹ گریڈ سٹیشن سے فیڈر ون اور فیڈرٹو کے ذریعے منسلک کیاگیا ہے جس سے علاقے میں کم وولٹیج اورٹرپننگ اور بے جا بریک ڈائون پر قابو پا لیا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ فیڈر ون پر 72 لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے جبکہ فیڈر ٹو ایک کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے جوکہ پانچ کلو میٹر طویل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پشاور کے تاریخی شہر کو اچانک اندھیروں سے بچانے کیلئے متبادل لائن کام تیزی سے جاری جس پر اگلے ماہ آخر تک کام مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ گریڈ سٹیشن اور نئے فیڈر کی تنصیب سے نقصانات کا تخمینہ کم سے کم کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں جبکہ شیخ محمدی کو حیات آباد گریڈ سٹیشن سے منسلک کیا جارہاہے جس سے کسی بھی وقت اچانک ٹرپننگ سے پشاور شہر کو محفوظ کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 100 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی جبکہ باقی دو سوفیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ‘ پیسکو کنڈا کلچرکے خاتمے اور ریکوری تیز کرنے کیلئے کوشاں ہیں جسکیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر نواں کلی میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے نئے فیڈ ر کی تنصیب کر دی گئی ہے جس سے علاقے کے دس ہزاروں خاندانوں کو بجلی کی ترسیل بلا تعطل ممکن ہوسکے گی ‘ اس سے پہلے علاقے میںپہلے سے نصب شدہ نواں کلی فیڈر ون کام کررہاتھا تاہم وہ علاقے کی بجلی کی ضرورت کیلئے ناکافی تھا جس پر وزیر اعظم نے نواں کلی کیلئے فیڈر ٹو اعلان کیا تاکہ علاقہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارا حاصل کرسکے ۔

انہوں نے کہاکہ کنڈا کلچر اور بجلی چور مافیاکے خلاف عوام تعاون کریں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق 2018 میںلوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے گا اور ان اہداف کو حاصل کرنے کیلئے پیسکو اپنی تمام تر توانیاں بروئے کار لا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیسکو نے کنڈا کلچرکے خلاف اور ریکوری کیلئے کمر کس لی ہے تاکہ بلا تعطل عوام کو بجلی فراہم ہوسکے ۔

انہوں نے کہاکہ مدین ‘ بری کوٹ گریڈ سٹیشن کی امسال دسمبرمیں تکمیل سے سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے عوام مستفید ہوسکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں جہاں پر تیس فیصد لائن لاسسز ہیں وہاں پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چار سے چھ گھنٹے ہیں ۔ اس موقع پر سابق سکواش ورلڈ چمپئن قمر زمان ‘ڈائریکٹر پروجیکٹ اقبال خان ‘ ایکسین تعمیرات فواد خان ‘ ڈائر یکٹر پیسکو خورشید اورکزئی ‘ ناظم نواں کلی امیتاز خان ‘ سجاد خلیل کے علاوہ مسلم لیگ نواز کے رہنماء شرافت علی مبارک ‘ ارشد قریشی ‘ حاجی صفت اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔