راولپنڈی٬بے نظیر بھٹو ہسپتال میں فائرنگ کے واقعہ اور ناقص سکیورٹی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ

شعبہ ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مکمل ہڑتال٬مشتعل مظاہرین نے مری روڈ بلاک کردی شہریوں اور ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا سکیورٹی سمیت تمام انتظامی معاملات بہتر کرنے کی یقین دہانی پر ڈاکٹر منتشر ہو گئی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2016ء) بے نظیر بھٹو ہسپتال میں جمعہ کی رات 2گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ہسپتال کے وارڈ بوائے کے زخمی ہونے اور ہسپتال کی ناقص سکیورٹی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن راولپنڈی نے ہفتہ کے روز زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر ڈاکٹروں نے شعبہ ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مکمل ہڑتال کی اور احتجاج کرتے ہوئے مری روڈ پر آگئے اور ہسپتال کے ایمرجنسی گیٹ کے سامنے مری روڈ بلاک کر دی ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ اور ہسپتال کا مرکزی راستہ بند ہوجانے سے شہریوں اور بالخصوص ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ راول روڈ گزشتہ2ماہ سے زیر تعمیر ہونے کی وجہ سے مری روڈ اور راول روڈ پر گاڑیوں کی 2کلومیٹر سے زائد تک لمبی قطاریں لگ گئیں اس موقع پر احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا موقف تھا کہ ہسپتال کے انتظامیہ معاملات انتہائی ناقص ہیں ہسپتال کے اندر سیاسی مداخلت اور انتظامیہ کے ساتھ سیاسی افراد کے گٹھ جوڑ سے نہ صرف ڈاکٹربلکہ یہاں کام کرنے والا ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اندر سکیورٹی انتہائی ناقص ہیں نجی سکیورٹی کمپنی کے صرف 6گارڈ تعینات ہیں جو 2٬2کی صورت میں تین شفٹوں میں ڈیوٹی دیتے ہیں اور ایک شفٹ میں صرف 2سکیورٹی گارڈ ہسپتال کی سکیورٹی کا فریضہ ادا کرتے ہیں اسی طرح ہسپتال کے مرکزی داخلی گیٹ کے ساتھ ہی تھانہ وارث خان پولیس کی چوکی قائم ہیں جہاں پر تعینات پولیس اہلکار ہسپتال کی سکیورٹی سے مکمل آزاد ہیں انہوں نے کہا کہ جمعہ کی رات صادق آباد میں ہونے والی فائرنگ کے تسلسل میں ہسپتال میں مسلح لوگ آزادانہ داخل ہوئے اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کو گن پوائنٹ پر پہلے اپنے زخمی کی مرہم پٹی کے لئے دبائو ڈالتے رہے ایک گروپ کا تعلق ن لیگ سے ہونے کی وجہ سے ہسپتال انتظامیہ نے انہیں روکنے کی جرات نہ کی جس پر ہسپتال کے اندر فائرنگ سے راجہ نعمان نامی وارڈ بوائے ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ایم ایس سمیت تمام انتظامیہ مسلم لیگ ن کے ایک سابق ایم این اے کے ہاتھوں یرغمال ہیں تاہم ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث کمشنر راولپنڈی ٬ الائیڈ ہسپتالوں کے چیف ایگزیکٹو اور بے نظیر بھٹو ہسپتال کے ایم ایس موقع پر پہنچے جنہوں ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کر کے سکیورٹی سمیت تمام انتظامی معاملات بہتر کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر ڈاکٹر منتشر ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :