Live Updates

عمران خان سیاسی بلیک میلنگ سے گریز کریں

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کاآصف علی زرداری پر چیئرمین تحریک انصاف کی الزام تراشی پر مذمتی بیان

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے عمران خان کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری پر الزام تراشی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ عمران خان سیاسی بلیک میلنگ سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کے کسی ایسے ایجنڈا کا حصہ نہیں بنے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جن اخلاقی بنیادوں پر کھڑے ہیں سب کو پتہ ہے اور قوم جانتی ہے کہ نیازی صاحب کسی خفیہ ایمپائرکی انگلی کے اشارے پر اٹھتے اور بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں٬ آگے اور پیچھے ٹیکس چور نظر آتے ہیں جو عمران خان کی اے ٹی ایم مشین بنے ہوئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان اپنی لڑائی نواز شریف تک ہی محدود رکھے تو بہتر ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات