وزیراعلیٰ کی زیر صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس٬ترکی کی وزارت صحت کے مشیر کی قیادت میں وفد کی شرکت

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:11

لاہور ( آئی پی اے )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا٬جس میں ترکی کی وزارت صحت کے مشیرحسن کاگل کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب حکومت اورترکی کی وزارت صحت کے درمیان پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون پر اتفاق کیاگیا اورترکی کی وزارت صحت صوبہ پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحات کیلئے تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے برادرانہ تاریخی تعلقات معاشی تعاون میں ڈھل رہے ہیں اورپنجاب حکومت اورترکی کی و زرات صحت کے مابین پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون پر اتفاق خوش آئند ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں عوام کو علاج معالجہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترکی کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نرسوں کو تربیت کیلئے ترکی بھجوائے گی۔پہلے مرحلے میں سپیشلائزڈ تربیت کیلئے نرسوں کو ترکی بھجوایا جائے گاجبکہ دوسرے مرحلے میں بچیوں کو ترکی سے نرسنگ کا مکمل کورس کرایاجائے گا۔انہوںنے کہا کہ ترکی نے اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنایا ہے اور پنجاب حکومت بھی ترکی کی مہارت اورتجربے سے استفادہ کرتے ہوئے معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔

ترکی کیساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون بڑھاکرمریضوں کو وہ طبی سہولتیں فراہم کریں گے جو ان کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں اصلاحات کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے تاہم شعبہ صحت کی بہتری کیلئے مطلوبہ نتائج اسی وقت حاصل ہوں گے جب مریض اس نظام سے حقیقی معنوں میں مستفید ہوگا۔

پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں مافیا کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے بعض خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبے کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں وہی کمپنیاں چلائیں گی جو یہ مشینیںفراہم کریں گی اور ان مشینوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی انہی کمپنیوں کی ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس بہترین ڈاکٹرز٬نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف توموجود ہے تاہم مطلوبہ نتائج کے حصول میں عزم کیساتھ کام کرنے کی کمی آڑے آتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اقدامات پر حقیقی معنوں میں عملدر آمد کیا جائے اور دل و جان سے دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے ۔ ترک وزارت صحت کے مشیر حسن کاگل نے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے بھر پور تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف کا مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کا ویژن شاندار ہے۔ترک وزارت صحت کے حکام نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ترکی کے وزیرصحت طیب اکدغان کا نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ترکی کے قونصل جنرل سردارڈینز(Mr.Serdar Deniz)٬صوبائی وزراء ذکیہ شاہنواز٬عائشہ غوث پاشا٬مشیر صحت خواجہ سلمان٬ پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر٬خواجہ احمد حسان٬ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز٬متعلقہ سیکرٹریز اورطبی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔