شمالی لاہور کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن کا آغاز

منشیات فروشوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی٬مجتبٰی شجاع الرحمان

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:04

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) محکمہ ایکسائز نے پولیس کے اشتراک سے شمالی لاہور کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں میں صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمے بھی شریک ہیں ۔ آپریشن کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور شمالی لاہور کو منشیات سے پاک کر کے صحت مند محفوظ معاشرہ پروان چڑھایا جائے گا تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کے ذریعے عملی زندگی میں بھر پور حصہ لے سکیں ۔

یہ بات صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبٰی شجاع الرحمان نے ہفتہ کو 8کلب پر شمالی لاہور کے حلقہ پی پی 141میں منشیات کے خاتمے سے متعلق بلائے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہی ۔ اجلاس میں ایم پی اے طارق گل سابقہ ایم پی اے وسیم قادر ٬ڈی آئی جی آپریشن علی حیدر ٬ ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گو ندل کے علاوہ پی پی 141سے متعلقہ پو لیس افسران ٬ نو منتخب یونین کو نسلز کے چیئر مینوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ شمالی لاہور کے حلقہ پی پی 141٬142 کے علاقوں میں منشیات کی بڑھتی ہو ئی لعنت کو روکنے اور نوجوانوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے منشیات فروخت کرنے والے مجرموں کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے تاکہ علاقہ سے منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل ہو۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ایم این اے حمزہ شہباز شریف کی سر پرستی میں ہونے والے اس گرینڈ آپریشن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور اثرورسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا ۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈائون میں محکمہ ایکسائز کا پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون رہے گا اور اس ضمن میں منشیات کے پیشہ ور مجرموں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے مخبروں سے بھی مدد لی جائے گی اور اگر کسی بھی علاقہ میں عام شہری کسی منشیات فروش کو منشیات فروخت کرتے د یکھے تو فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر8330پر پولیس کو اطلاع دیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ہر یو نین کو نسل کے چیئرمین کی ڈیوٹی ہے کہ وہ اپنے علاقہ سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے اور نوجوانوں کا مستقبل بچانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور اپنی یونین کو نسل کی سطح سے منشیات کے خلاف آگہی مہم چلائیں ۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہمیں نشہ کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ کرنے کی بجائے منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن کرنا ہے تاکہ برائی کو جڑ سے ختم کیا جاسکے انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں نشہ کے عادی نوجوانوں کی بحالی کے لیے محکمہ ایکسائز کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں بحالی یونٹس کام کر رہے ہیں ۔

جہاں منشیات کے عادی لوگوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف پہلے سے موجود قوانین میں مزید سختی کرنے اور سزائوں میں اضافہ سے متعلق ترامیم کی جارہی ہیں تاکہ معاشرہ منشیات سے پاک کیا جاسکے اور مجرم عدالتوں سے چھوٹنے کی بجائے سزا کاٹ کر آئے تاکہ پھر کبھی اسے معاشرہ کو خراب کرنے کی جرأت نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل سٹورز پر موجود نشہ سے متعلق ادویات کی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ نشہ کے عادی نوجوانوں کو نشہ کرنے سے روکا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :