چولستان اور تھر کے صحرا کو قابل کاشت بنانے کی چینی کمپنی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایاجائے٬ میاں مقصود احمد

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:04

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے چینی کمپنی’’ایلیان ریسورسزگروپ‘‘کی جانب سے پنجاب میں چولستان اور سندھ میں تھرکے ریگستانوں کوزراعت اور شجرکاری کے قابل بنانے کی پیشکش کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہم ترقی یافتہ عرب ممالک کی طرح اپنے ریگستانوں کو نخلستانوںمیں تبدیل کرسکتے ہیں٬ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت خواہش مند افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرے٬ہندوستان میں بھی ایسے بے شمار منصوبے جاری ہیں جن سے ریگستان میں رہنے والوں کوپانی اور دیگرسہولیات فراہم کرکے زراعت کو فروغ دیاجارہا ہے٬انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر لحاظ سے اولین مقام عطاکیا ہے اور معدنی وسائل سے بھی مالامال کیا ہے مگر بدقسمتی سے ہم ان وسائل سے بھر پورانداز میں استفادہ نہیں کرسکے٬انہوں نے کہاکہ چینی کمپنی کی آفر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم جہاں ایک طرف اپنے ریگستانوں میں آباد افراد کی حالت زار کوبدلنے کے قابل ہوسکتے ہیں وہاں غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں بھی اضافہ ہوسکتا ہے٬میاں مقصود احمد نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی زندگیوں میں آسودگی لانے کے لیے کام کریں٬انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیب دی جائے٬پاکستان کے سینکڑوں میل رقبے پر ریگستان٬ ہزاروں اور لاکھوں میل رقبے غیر آباد اور بنجر ہیں ٬تھوڑی سی توجہ دے کر ان کو بطور سیاحتی مقام کے دنیا میں روشناس کیاجاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :