لاہور چیمبر اورسائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی جنگلات میں کمی کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے کام کریں گے ٬عبدالباسط

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:02

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) سائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مشترکہ تعاون سے جنگلات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور جنگلات کے رقبہ میں کمی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لیے کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور سائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر رشید کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا٬ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر سلمان احمد اور ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ آپریشنز محمد اویس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران سائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو مہیا کیے جانے والے مواقع اور جنگلات میں کمی کے حوالے سے لاہور چیمبر کے تحفظات سمیت دیگر کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا٬طاہر رشید نے عبدالباسط کو آگاہ کیا کہ کمپنی پنجاب حکومت کے زیر سایہ کام کررہی ہے اور اسے پبلک سیکٹر کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد جنگلات کے شعبہ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانا ٬ جنگلات کے تحفظ اور زیر جنگلات رقبہ میں کمی پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانا ہے٬ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ پنجاب فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے حکومت پنجاب کی منظور ی کے بعد سائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کو ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں 134,995ایکڑ رقبہ مہیا کیا ہے جہاں جنگلات اگائے جائیں گے٬ وائلڈ لائف اور فشریز کو فروغ ملے گا جبکہ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے٬ لاہور چیمبر کے صدرنے وفد پر زور دیا کہ وہ لاہور چیمبر کے ممبران کو اس سلسلے میں آگاہ کریں تاکہ جنگلات لگانے کے تصور کو فروغ دیا جاسکے٬ انہوں نے اس سلسلے میں میڈیا اور دیگر ذرائع سے لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

عبدالباسط نے کہا کہ جنگلات کے شعبہ کا معاشی ترقی میں کردار اٴْجاگر کرنے کی ضرورت ہے٬ حکومت کو جنگلات میں کمی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانا چاہئیں٬ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سائوتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :