مائنس ون نہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ممکن ہے۔ لوگوں کو توڑ کر پاک سرزمین پارٹی قائم کی گئی اور کارکنوں کو اس میں شمولیت کے لیے ڈرایا دھمکایا گیا۔2013 کے بعد سے کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے خلاف مظالم روا رکھے گئے٬ جس کے بعد پارٹی نے پریس کلب پر بھوک ہڑتال کی گئی٬ اس موقع پر بانی ایم کیو ایم نے جذباتی تقریر کی۔ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن کے رکن پروفیسر حسن ظفر کادیگر کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 15 اکتوبر 2016 17:24

کراچی(اٴْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15اکتوبر۔2016ء ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مائنس ون نہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ممکن ہے۔کراچی پریس کلب میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی لندن کے رکن پروفیسر حسن ظفر عارف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تیسری بڑی جماعت ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ایک طلبہ تنظیم کے بطن سے جنم لیا۔

پروفیسر حسن ظفر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تمام لوگوں کو توڑ کر پاک سرزمین پارٹی قائم کی گئی اور کارکنوں کو اس میں شمولیت کے لیے ڈرایا دھمکایا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کوششوں میں ناکامی کے بعد ایم کیو ایم پر ایک اور کاری وار کیا گیا٬ سب اس بات سے واقف ہیں کہ 2013 کے بعد سے کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے خلاف مظالم روا رکھے گئے٬ جس کے بعد پارٹی نے پریس کلب پر بھوک ہڑتال کی گئی٬ اس موقع پر بانی ایم کیو ایم نے جذباتی تقریر کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر حسن ظفر کے مطابق 23 اگست کو فاروق ستار نے جب پریس کانفرنس کی تو الطاف حسین نے پارٹی کے مفاد میں تمام اختیارات رابطہ کمیٹی کے سپرد کردیئے٬ لیکن فاروق ستار اور ان کے ساتھ موجود سنیئر ساتھیوں نے پارٹی کے آئین میں تحریک کرکے غیر قانونی طور پر الطاف حسین سے اختیارات چھین لیے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین ہی ایم کیو ایم کی جان ہیں۔

پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنور خالد یونس٬ ساتھی اسحق٬ پروفیسر حسن ظفر عارف موجود ہیں۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم لندن کی 12 رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عبوری رابطہ کمیٹی میں پاکستان سے پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفر عارف٬ اسحٰق ایڈووکیٹ٬ امجد اللہ خان٬ کنور خالد یونس٬ اشرف نور٬ اکرم راجپوت٬ اسمٰعیل ستارہ٬ ادریس علوی ایڈووکیٹ اور حیدر آباد سے مومن خان مومن شامل ہوں گے۔

جبکہ عبوری رابطہ کمیٹی میں اوورسیز سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ندیم احسان٬ ایم کیو ایم کے سینئر ارکان واسع جلیل اور مصطفیٰ عزیز آبادی شامل ہوں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایم کیو ایم لندن نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار٬ عامر خان٬ خواجہ اطہار الحسن٬ فیصل سبزواری اور کشور زٴْہرا کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کردی تھی۔